322

کالاش ویلی بمبوریت میں گذشتہ روز کے سیلاب کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ مکانات اور آراضیات کی بحالی کا کام جاری

چترال ( محکم الدین ) کالاش ویلی بمبوریت میں گذشتہ روز کے سیلاب کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ مکانات اور آراضیات کی بحالی کا کام جاری ہے ۔ تاہم متاثرین کا مطا لبہ ہے ۔ کہ فوری طور پر متاثر شدہ نہری نظام کو فوری طور پر بحال نہ کیا گیا ۔ تو علاقے کو مزید نقصانات پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ کیونکہ ویلی کے تین دیہات برون ، ساروجال اور انیژ کی نہریں مکمل طور پر تباہ ہوئی ہیں ۔ اور سیلاب سے بچ جانے والی مکئی اور لوبیا کی کھڑی فصلیں اور پھلوں کے باغات پانی کی عدم دستیابی کے باعث سوکھ رہے ہیں ۔ جنہیں بروقت پانی کی اشد ضرورت ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ناظم بمبوریت محمد رفیع ایڈوکیٹ نے کہا ۔ کہ برون گاءوں میں سیلابی ملبے سے لوگوں کے گھر ، کالاش ڈانسنگ پلیس اور واٹر ٹینک بھر گئے ہیں ۔ اور نہروں کا بڑا حصہ تباہ ہو چکا ہے جنہیں صاف کرکے بحال کرنا مقامی لوگوں کے بس کی بات نہیں ہے ۔ اس لئے حکومت کی طرف سے فوری طور پر مدد کی ضرورت ہے ۔ تاکہ وقت ضائع کئے بغیر حالات کو معمول پر لایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ فوری طور پر نہروں کا نظام درست نہ کیا گیا ۔ تو رہی سہی فصلیں ، باغات اور گھاس وغیرہ ختم ہو جائیں گی ۔ جن پر مقامی لوگوں کی زندگی کا سب سے بڑا انحصار ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بجلی گھر کی نہر خراب ہونے کے باعث پورے گاءوں میں اندھیرا ہے ۔ اور زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ معروف کالاش سوشل ورکر خاتون لالی گل ، شاہی گل اور ایران بی بی نے سیلاب کے دوران پھیلی خوف وہراس پر بات کرتے ہوئے کہا ۔ کہ گاءوں برون کو مستقبل میں بھی سیالب کے سنگین خطرات درپیش ہیں ۔ اور موجودہ سیلاب ان زندگی کا سب سے خوفناک سیلاب تھا ۔ جس سے وہ معجزانہ طور پر جانی نقصانات سے بچ گئے ہیں ۔ اس لئے گاءوں کو مستقبل میں محفوظ بنانے کیلئے گاءوں کے اوپر موجود برساتی نالوں پر چیک ڈیم کی تعمیر کی اشد ضروت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ (سوائل کنزر ویشن )تحفظ آراضیات کے ادارے کی طرف سے جو چیک ڈیم تعمیر کئے گئے تھے ۔ اُن سے سیلاب کا زور کم کرنے میں بہت مدد ملی ۔ ورنہ مزید نقصانات ہو سکتے تھے ۔ اس لئے انہوں نے محکمہ فارسٹ اور سوائل کنزر ویشن سے پُر زور مطالبہ کیا ۔ کہ گاءوں کو مستقبل میں سیلابی نقصانات سے بچانے کیلئے زیادہ تعداد میں چیک ڈیم تعمیر کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سیلاب سے یونانی این جی او کی طرف سے تعمیر شدہ بشالینی ( میٹرنٹی ہوم ) کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے ۔ جس سے بشالینی میں قیام کرنے والی خواتین سیلابی خطرہ محسوس کرتی ہیں ۔ اس موقع پر متاثرین نے حکومت اور معاون خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا وزیر زادہ سے پر زور مطالبہ کیا ۔ کہ متاثرہ مکانات کے مالکان کو فوری امداد فراہم کی جائے ۔ اور زرعی آراضی کو پہنچنے والے نقصانات کا معاوضہ فراہم کیا جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں