376

ریجنل پولیس افیسر ملاکنڈ عبدالغفور افریدی نے پیر کے روز زرگراندہ میں واقع چترال پولیس لائنز کی نئی کیمپس کا دورہ کیا اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید ترین سہولیات پر مبنی مختلف شعبہ جات کادورہ

چترال (نمائندہ آ) ریجنل پولیس افیسر ملاکنڈ عبدالغفور افریدی نے پیر کے روز زرگراندہ میں واقع چترال پولیس لائنز کی نئی کیمپس کا دورہ کیا اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید ترین سہولیات پر مبنی مختلف شعبہ جات کادورہ کیاجہاں پر ڈسٹرکٹ پولیس افیسر سونیہ شمروز خان نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ڈرائیونگ لائسنس سمیت مختلف لائسنس اور سرٹیفیکیٹ کااجراء اور فارن رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ چترال آنے والے سیاحوں کو مکمل معلومات کی فراہمی تک رسائی کے لئے جدید خطوط پر انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ خواتین کے لئے الگ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جہاں وہ اپنی شکایات کا اندراج کراسکیں گے۔ ریجنل پولیس افیسر نے اس موقع پر پولیس دربار بھی منعقد کیا جس میں پولیس اہلکاروں کے شکایات سن کر موقع پر احکامات بھی جاری کئے جبکہ پبلک ڈیلنگ کے دفاتر کو جدید ترین خطوط پر استوارکرنے پر انہوں نے ڈی پی او کی کاوشوں اور محنت کی تعریف کی۔ بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں میں توصیفی اسناد تقسیم کئے۔ انہوں نے نئی کیمپس کے احاطے میں دیودار کا پودا بھی لگایا۔ ڈی پی او اپرچترال ذولفقار تنولی، ایس پی انوسٹی گیشن محمد خالد، ڈی سی چترال لویر حسن عابد، اے سی چترال ثقلین سلیم بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں ریجنل پولیس افیسر عبدالغفور افریدی نے کہاکہ چترال کی مثالی امن امان میں پولیس اور یہاں کے امن پسند اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے والے عوام دونوں کا حصہ ہے اور اس فضا کو جاری وساری رہنا چاہئے تاکہ یہاں سیاحت سمیت دوسرے سیکٹرز میں ترقی کا عمل آگے جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ہر دم چوکس اور ہوشیار رہنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ اس پرامن علاقے کو سافٹ ٹارگٹ بنانے کا موقع کسی کو نہ مل سکے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس کو ہدایت کردی کہ علاقے میں مائننگ میں مصروف غیر ملکیوں کو مکمل سیکورٹی مہیاکرتے ہوئے ان کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھے تاکہ ان کے ذریعے کوئی یہاں تخریب کاری کے لئے راہیں ہموار نہ کرسکے اور کان کنی کے لئے ان کو حاصل دھماکہ خیز مواد کی اسٹاک کی روز مرہ استعمال کا درست حساب رکھا جائے تاکہ یہ کسی اورمقصد میں استعمال نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں