319

بنک الفلاح نے 20کروڑ روپے کی ڈونیشن دے کر آغا خان فاونڈیشن پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا آغازکردیا جس کے ذریعے یہ فنڈز پاکستان میں سیلاب متاثرین کو صحت سے متعلق سروسز کی فراہمی پر خرچ کئے جائیں گے

چترال (نامہ نگار) بنک الفلاح نے 20کروڑ روپے کی ڈونیشن دے کر آغا خان فاونڈیشن پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا آغازکردیا جس کے ذریعے یہ فنڈز پاکستان میں سیلاب متاثرین کو صحت سے متعلق سروسز کی فراہمی پر خرچ کئے جائیں گے۔ اس شراکت داری کا مقصد سیلاب سے متاثرہ کمیونیٹیز کو درپیش کثیر جہتی چیلنجوں سے نمٹنا اور ان کی فوری اور طویل مدتی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ اس شراکت داری کے دیگر مقاصد میں ان کمیونیٹیز کو پانی، سنیٹیشن اور ہائی جین کے انفراسٹرکچرز تک رسائی کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں میں زرعی سرگرمیوں کی بحالی میں تیزی لانا اور فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
اس سلسلے میں ایک تقریب منگل کے روز کراچی میں منعقد ہوئی جس میں آغا خان فاونڈیشن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو افیسر اختر اقبال اور بنک الفلاح کے صدر اور چیف ایگزیکٹو افیسر عاطف باجوہ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر آغا خان فاونڈیشن کی سینئر قیادت صدر اسماعیلی کونسل پاکستان کے صدر حافظ شیرالی، چیرمین نیشنل کمیٹی آف اے کے ایف پاکستان اقبال والجی اور بنک الفلاح کے چیف ہیومن ریسورس افیسر فاروق فیصل، ہیڈ آف برانچ اپریشنز عمران اسد نے شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں بنک الفلاح کے صدر عاطف باجوہ نے کہاکہ آغا خان فاونڈیشن کے ساتھ شراکت داری بحران کے وقت کمزور کمیونیٹیز کی ترقی اور مدد کرنے کے مشترکہ عزم کی مثال ہے اور آغا خان فاونڈیشن کے ساتھ مل کر ہم پاکستان سے متاثرہ کمیونیٹیز کو صحت کی ضروری خدمات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہیں جس کے دیرپا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ چیرمین نیشنل کمیٹی آف اے کے ایف پاکستان اقبال والجی نے 200میلین روپے کی فراخدلانہ عطیہ پر آغا خان فاونڈیشن کی طرف سے بنک الفلاح کا شکریہ ادا کرتےکہاکہ یہ شراکت داری اس عزم کا مظہر ہے کہ یہ دونوں ادارے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ آبادی میں ڈیزاسٹر کے خلاف قوت برداشت میں اضافہ کرنے اور ان حالات میں متاثرین کے لئے ایک روشن مستقبل کی تعمیر کا جذبہ رکھتے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں