286

وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کو کرسی سے اتار کر دم لیں گے،اپوزیشن لیڈرپاکستان پیپلزپارٹی جی بی ایڈوکیٹ امجدحسین

گلگت: اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و صدر پاکستان پیپلز پارٹی امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ خالد خورشید کو کرسی سے اتار کر دم لیں گے ، ہم یہ اعلان کررہے ہیں کوئی مائی کا لعل خالد خورشید کو بچا سکتا ہے وہ بچا کر دکھائے۔ شمس لون آج بھڑکیں مارر ہے ہیں پہلے گندم چوری کا حساب دیں ،ہم اس حکومت سے تین سال کی کرپشن کا حساب لیں گے۔ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے حوالے منعقدہ تقریبسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم خالد خورشید کو کرسی سے اتارنے کے لئے اعلان جنگ کررہے ہیں، خالد خورشید کے حامی ہمارے کچھ دوست پانچ سال کی مدت پوری کرنے کا کہہ رہے ہیں تو کچھ ہمیں دھمکیاں بجھواتے ہیں کہ اگر خالد خورشیدکو وزیر اعلیٰ کی کرسی سے اتارا گیا تو وہ اینٹ سے اینٹ بجا دینگے ہم ان اینٹ سے اینٹ بجانے والے نام نہاد لوگوں کو یہ کہتے ہیں کہ پہلے وہ گلگت بلتستان کے عوام کو گندم فراہم کریں ،گلگت بلتستان کے عوام گندم کے دانے دانے کے لئے ترس رہے ہیں اور یہ ہمیں دھمکی دے رہے ہیں، اس وقت صحت اور تعلیم کے شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں بجلی نہیں ہے پانی نہیں ہے لوگوں کے پاس آٹا نہیں ہے یہ سب اس حکومت کی نااہلی ہے اور یہ اب اپنی نااہلی چھپانے کے لئے جتنا پھڑپھڑائیں ان کے دن گنے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے منت سماجت کرکے وفاق سے پندرہ ارب کا ترقیاتی بجٹ منظور کرایا اور یہ بجٹ اس کٹھ پ ±تلی حکومت کی جیب میں جارہا ہے عوام کے لئے کوئی کام نہیں ہورہا ہے عمران خان کے دور میں گندم کے پیسے نہیں ملے تو ڈیڑھ ارب کی رقم گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ سے کاٹ کر گندم خریدی گئی اور اسی گندم کو راستے میں اتار کر بلیک میں فروخت کردیا گیا جن وزیر نے گندم میں کرپشن کی اس کو دوسرا اہم محکمہ دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا نام لیکر عمران خان عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتا،جس نے جو جرم کیا ہے اس کے ساتھ نمٹا جائے گا، عمران خان اگر مخلص تھے تو اپنے دور حکومت میں گلگت بلتستان کے لئے سبسڈی کی رقم مختص کرتے اور گلگت بلتستان کے عوام کو ریلیف فراہم کرتے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا ہر طرف کرپشن کا بازار گرم ہے ، ہم موجودہ حکومت کے تین سال کا احتساب کرینگے اور ان کو ہم اب مزید برداشت نہیں کرسکتے ،امجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو ہم نے کرسی سے اتارنے کا تہیہ کیا ہوا ہے، عمران خان کو بھی بتانا چاہتے ہیں گلگت بلتستان میں اگر عوام کی کوئی پارٹی خدمت کرتی ہے تووہ پی پی پی ہے ، پی پی پی کے دور میں ہی عوام کو گندم وافر مقدار میں فراہم ہوئی ،ہر شعبے میں ترقی ہوئی ہے اور اب بھی گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں