Site icon Daily Chitral

دو بلین ڈالرز سے چترال سے ڈیرہ اسماعیل خان تک موٹر وے اور چترال سے ڈیرہ اسماعیل خان تک ریلوے لائن

خیبر پختونخوا حکومت نے چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ 20بلین ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کے معاہدہ پر دستخط کر دیئے۔ انصاف انڈسٹریز کے تعاون سے ہونے والے اس معاہدہ کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ آج ہم نے صوبہ کی تاریخ میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے عوام کو نیا خیبر پختونخوا دینے کا ہم نے جو وعدہ کیا تھا آج اسکی تعبیر کا دن ہے۔ تقریب میں ریسورس انٹرنیشنل کے جنرل منیجر مسٹر گورڈن لی، چائینہ ریلوے کا رپوریشن اور دیگر چینی کمپنیوں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ قبل ازیں انصاف انڈسٹریز کے سی ای او عبدالباسط جاوید گنڈاپور نے افتتاحی کلمات میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ، صوبائی حکومت اور چین کی کمپنی ہیریٹج انٹرنیشنل کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے صوبہ کی تاریخ میں منفرد ترقیاتی منصوبوں کے معاہدہ کو حتمی شکل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہیریٹج ریسورس انٹرنیشنل اور دیگر کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں میں 1.5بلین ڈالر سے صوبہ میں آئل ریفائنری اور آئل و گیس کی مد میں دیگر منصوبہ جات کی تکمیل، دو بلین ڈالرز کی مالیت سے چشمہ اپ لفٹ اور صوبہ بھر میں آبپاشی کے دیگر منصوبہ جات کی تکمیل، سات بلین ڈالرز سے صوبہ میں متعدد مقامات پر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس قائم کئے جائیں گے جو 2020تک بجلی کی فراہمی شروع کر دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور صوابی میں سول ایوی ایشن کی منظور شدہ ہدایت کے مطابق انٹر نیشنل ائرپورٹس کی تکمیل ، دو بلین ڈالرز سے چترال سے ڈیرہ اسماعیل خان تک موٹر وے اور چترال سے ڈیرہ اسماعیل خان تک ریلوے لائن، دو بلین ڈالرز سے سمارٹ اور سیف سٹی منصوبہ جات اور پسماندہ اضلاع میں ہاوسنگ منصوبہ جات کا قیام، چترال سے ڈیرہ اسماعیل خان تک فائبر آپٹیکل، چترال سے ڈیرہ اسماعیل خان تک چھ ہزار کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن، صوبہ میں دو میگا پاور گرڈ سٹیشنز کا قیام، پشاور سرکلر ریلوے لائن، کوہاٹ ٹنل کی ڈبل لائن تک توسیع اور زراعت کے شعبہ میں ترقی کے منصوبے شامل ہو ں گے۔

Exit mobile version