Site icon Daily Chitral

جو اصلاحاتی ایجنڈے کے ساتھ نہیں چل سکتا اس کے لئے محکمے میں کوئی جگہ نہیں۔محمد عاطف خان

پشاور(نامہ نگار)خیبر پختونخوا کے وزیرابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے محکمے کے اعلیٰ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ معمول کے کاموں پر قیمتی وقت ضائع کرنے کی بجائے حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر کام تیز تر کریں اور پارٹی قائد عمران خان کی وژن کے مطابق پی ٹی آئی کے تبدیلی کے نعرے کو عملی جامہ پہنائیں۔یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں اپنے کوالٹی ریفارمزسے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اس موقع پر دوسرو ں کے علاوہ سیکرٹری تعلیم افضل لطیف اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ جو بھی اصلاحاتی ایجنڈے کے ساتھ نہیں چل سکتا اس کے لئے محکمے میں کوئی جگہ نہیں۔گزشتہ 3سالوں کے دوران ہم نے محکمے کا قبلہ درست کیاہے اب ہر کام کا طریقہ کار اور وقت کا تعین موجود ہے جس کے مطابق ہو گا اس لئے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پرمکمل فوکس کیا جائے۔عاطف خان نے واضح کیا کہ تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور سرکاری سکولوں کا معیار ملک کے بہترتعلیمی اداروں کا ہم پلہ بنانے میں کسی قسم کی رکاوٹ آڑے آنے نہیں دیں گے۔لہذا متعلقہ حکام اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کے لئے بلا تاخیر ریگولر ٹیچرزاسسمنٹ پروگرام وضع کریں اورجو بھی معیار پر پورا نہیں اترتااس کے خلاف سخت ترین کارروائی تجویز کی جائے کیو نکہ اب محکمے میں نکمے،نااہل اور کام چوروں کے لئے کوئی جگہ نہیں۔صوبائی وزیر نے یہ بھی ہدایت کی کہ پرائیوٹ سکولوں کے بچوں کو بھی آئندہ کے گریڈ 5اورگریڈ8کے اسسمنٹ امتحانات میں شامل کرائیں تاکہ وہ بھی آئندہ ان کلاسوں کے باقاعدہ امتحانات کا حصہ بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹ بکس پر نظر ثانی کی اشد ضرورت ہے لہذا متعلقہ حکام ٹیکسٹ بکس پر نظرثانی کا عمل بلاتاخیر شروع کرکے جلد از جلد اسے مکمل کریں۔اسی طرح ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اینڈ ٹیچرز ایجوکیشن،پراونشل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیچرز ایجوکیشن اور ریجنل انسٹی ٹیوٹس آف ٹیچرز ایجوکیشن کی اصلاحات پر بھی فوری کام شروع کیا جائے اور ان کے لئے قابل عمل تجاویز اور سفارشات دیں۔

Exit mobile version