311

(سی سی ڈی این) اور چترال پریس کلب نے ایک یاداشت پر دستخط ۔ جس کے تحت سی سی ڈی این آیندہ میڈیا کو عوام تک رسائی میں سہولت مہیا کرے گی

چترال (محکم الدین ) چترال کمیونٹی ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (سی سی ڈی این) اور چترال پریس کلب نے ایک یاداشت پر دستخط کیا ہے۔ جس کے تحت سی سی ڈی این آیندہ میڈیا کو عوام تک رسائی میں سہولت مہیا کرے گی۔ اور عوام کے مسائل پریس کے ذریعے بہتر طریقے سے حکومت تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں اس حوالے سے ایک مختصر اور پُر وقار تقریب ہوئی، جس میں چترال چیرمین سی سی ڈی این سرتاج احمد خان اور صدر چترال پریس کلب ظہیرالدین نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ اس موقع پر نائب صدر چترال چیمبر آف کامرس اتالیق حیدر علی شاہ، سمیڈا کے فضل حسین اورکزئی اور چترال پریس کلب کے صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صدر پریس کلب ظہیر الدین نے خطاب کرتے ہوئے یاداشت کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا۔ کہ سی سی ڈی این چترال پریس کلب کے میڈیا سے متعلق آوٹ ریچ پروگرامات میں مدد فراہم کرے گا۔ اور صحافی دور دراز مقامات پر پہنچ کر عوام کے مسائل ایک کھلی کچہری کی صورت میں اُجاگر کریں گے۔ جس سے اُن کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا۔ اس سلسلے میں پہلی کوشش گرم چشمہ میں کی گئی ہے۔ جو کہ نہایت کامیاب رہا ہے۔ چیرمین سی سی ڈی این سرتاج احمد خان نے کہا۔ کہ چترال پر انتہائی مشکل دور آرہا ہے۔ سی پیک منصوبہ اور لواری ٹنل کی تعمیرسے چترال کی طرف کاروباری لوگوں کا ہجوم اُمڈ آیا ہے۔ اس لئے ہمیں موقع سے فوائد حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ چترال پریس کلب ایک نہایت مضبوط صحافتی کردار کا حامل ادارہ ہے۔ جس کے ساتھ یاداشت پر دستخط ہمارے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ سی سی ڈی این کو پریس کلب کے ساتھ باہم مل جُل کام کرکے انتہائی خوشی ہوگی۔ اور ہم دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر کمیونٹیز اور آرگنائزیشن سے وابستہ افراد کے مسائل حکومت کے ایوانوں تک پہنچانے کے قابل ہوں گے۔ تقریب سے سابق صدر سی سی ڈی این عبدالغفار نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں