401

ایون کی ادبی تنظیم انجمن شمع فروزان کے زیر انتظام طرحی اور غیر طرحی مشاعرہ

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال ) ایون کی ادبی تنظیم انجمن شمع فروزان کے زیر انتظام طرحی اور غیر طرحی مشاعرہ قاضی فضل ہادی کے دولت خانے پر گذشتہ روز منعقد ہوا ، جس میں معروف سماجی کارکن اور چترال کے سنیئر شاعر وادیب عنایت اللہ اسیرصدر محفل اور صحافی محکم الدین مہمان خصوصی تھے ۔ محفل مشاعرے میں صدر انجمن شمع فروزان رحمت آیاز فراق ؔ جنرل سیکرٹری لیکچرر صفی اللہ آصفی کے علاوہ ایون کے مقامی و کیسو سے مہمان شعرا اور بڑی تعداد میں ادب سے محبت رکھنے والوں نے شرکت کی ۔ مشاعرے کی پہلی نشست طرحی رہی ۔ جس میں شعرا نے طرح مصرعہ “ہردی خوشان اوشوئے ہنیسے نکی ” کی زمین پر انتہائی بلند خیالات سے مزین اپنے کلام پیش کئے ۔ اور حاضرین سے خوب داد وصول کی ۔ بعد آزان غیر طرحی مشاعرے کی نشست میں بھی ان ہی شعرا نے اپنے کلام سے محفل لوٹ لی ۔ بعض شعرا سے تین بار کلام پیش کرنے کی فرمائش بھی کی گئی ۔ محفل مشاعرے کی نظامت کے فرائض صفی اللہ آصفی نے انجام دی اور حسب روایت اپنا کلام آغاز میں پیش کیا ۔ ؔ جس کے بعد بالترتیب صدر انجمن رحمت آیاز فراق ؔ ، احمد نبی بقاؔ ، شمس العارفین عارف ؔ ، عبدالصمد صابرؔ ، عبادالرحمن عبیرؔ ، محمد حنیف رضاؔ ، شیر حسین ساغرؔ اور نواب خان آرزوؔ نے کلام پیش کئے ۔ اور حاضرین نے دل کھول کر اُنہیں داد ی ۔ اس موقع پر صدر محفل عنایت اللہ اسیر نے مشاعرے پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے ایون کی سرزمین میں نوجوان شعرا کے خیالات کو انتہائی قابل تعریف قرار دیا ۔ اور کہا ۔ کہ ایون کے شعرا میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں ۔ صرف اظہار خیال کیلئے ادبی محافل سجانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ خیر کے پہلو وں کو فروغ دینا اور الفاظ کی بناوٹ سب سے بڑی شاعری ہے ۔ جو نوجوانوں کی شاعری میں بدرجہ اتم موجود ہیں ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا ۔ کہ وہ اپنی شاعری میں نیچر کو فوکس کریں اور اپنے خیالات کو شعر کے سانچے میں ڈال کر لوگوں کو ماحول کے تحفظ کے سلسلے میں آگہی دیں ۔ سابق صدر عبد الصمد صابر نے کہا ۔ کہ ادب سے وابستہ افراد میں صرف شعرگوئی ہی کا نہیں ۔ بلکہ ڈرامہ نگاری ، نثر نگاری اور ہر صنف میں ان کی صلاحیتیں تعریف کے قابل ہیں ۔ حال ہی میں خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے ایسے فنکاروں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا ۔ تو اُن کی قابلیت کی تعریف کئے بغیر اُن سے نہ رہا جا سکا ۔ انہوں نے کہا کہ انجمن شمع فروزان کسی بھی ادبی انجمن کا متوازی نہیں ہے ۔ اور نہ ہم اس پر یقین رکھتے ہیں ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی محکم الدین نے اس بات پر زور دیا ۔ کہ ایون کی ادبی انجمنوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنے کی ضرورت ہے ۔ تاکہ ادب کی ترویج و فروغ کیلئے زیادہ مضبوط اور فعال کارلردگی کا مظاہرہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سابقہ کی طرح ضلعی سطح پر محفل مشاعرہ کرکے تاریخ کو دہرانے ضرورت ہے ۔ اور اس سلسلے میں دونوں انجمنوں کی نشست بھی ہونی چاہیے ۔ بعد آزان کے پی کلچر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے شعرا کو سرٹیفیکیٹ دیے گئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں