285

کالاش تہذیب وثقافت پوری دنیا میں اپنی ایک الگ پہچان رکھتی ہے ۔ یہ نہایت قدیم تہذیب ہے ۔..صوبائی وزیر لیبر شوکت یو سفزئی

چترال ( محکم الدین ) صوبائی وزیر لیبر شوکت یو سفزئی نے کہا ہے ۔ کہ سیاحت ملک کیلئے ایک انڈسٹری کی حیثیت رکھتی ہے ۔ اور ہماری حکومت سیاحت سمیت روزگار کے دیگر مواقع پیدا کرکے معاشی حالات بہتر بنانے پر یقین رکھتی ہے ۔ کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی معاشی حالات پر بہت دباو پڑا تاہم اب حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز کالاش ویلی رمبور گروم میں کالاش فیسٹول اچال کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیر معدنیات عارف احمد زئی ،وزیر جیلخانہ جات تاج محمد ترند ، معاون خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا وزیر زادہ ، آئی جی جیلخانہ جات مقصود الرحمن موجود تھے ۔ انہوں نے اچال فیسٹول کے انعقاد پر کالاش قبیلے کو مبارکباد دی ۔ اور کہا ۔ کہ کالاش تہذیب وثقافت پوری دنیا میں اپنی ایک الگ پہچان رکھتی ہے ۔ کیونکہ یہ نہایت قدیم تہذیب ہے ۔ اس لئے موجودہ حکومت اس تہذیب کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے کالاش کمیونٹی سے ہی ایک قابل نوجوان وزیر زادہ کو صوبائی حکومت میں جگہ دی ۔ شوکت یوسفزئی نے کہا ۔ کہ کالاش ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ تاکہ مربوط طریقے سے کالاش قبیلے اور کالاش ویلز کے مسائل حل کئے جا سکیں ۔ انہوں نے کالاش فوتگی پر نادار افراد کی مدد کیلئے قائم کئے جانے والے انڈومنٹ فنڈ میں اضافہ کرنے کی یقین دھانی کی ۔ اور سالانہ فیسٹولز کیلئے تینوں کالاش ویلیز کو پانچ پا نچ لاکھ روہے دینے کا اعلان کیا ۔ جبکہ صوبائی حکومت نے پانچ کروڑ روپے کا انڈومنٹ فنڈ پہلے ہی فوتگی کیلئے مختص کیاہے ۔ فیسٹول کے آغاز سے قبل وزرا نےصوبائی حکومت کی طرف سے 73کالاش مردو خواتین قاضیوں میں فی کس تیس ہزار روپے تقسیم کئے گئے ۔ جبکہ صوبائی وزیر نے اگلے سال اسے چالیس ہزار فی کس کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہماری حکومت سیاحت کو معاشی استحکام کیلئے انتہائی اہمیت دیتی ہے ۔ اس لئے غیر ملکی سیاحوں کیلئے کئی اسانیاں پیدا کی گئی ہیں ۔ جس کی وجہ سے پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ اور کرونا کے حالات بہتر ہوتے ہی ا ندرونی بیرونی سیاحوں کی سیاحتی مقامات کی طرف جانے کے تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے سیاحتی مقامات تک رسائی کیلئے سڑکوں کو انتہائی اہمیت کے حامل قرار دیا ۔ اور کہا ۔ کہ عنقریب کالاش ویلیز روڈ پر کام شروع کیا جائے گا ۔ اور مقامی لوگوں و سیاحوں کو آمدو رفت میں سہولت ملے گی ۔ انہوں نے کالاش ویلیز میں انٹر نیٹ کی سہولت کو علاقے کیلئے زہر قاتل قرار دیا ۔ اور کہا ۔ کہ اس سے لوگوں کیلئے کئی مسائل پیدا ہو ں گے ۔ مہمان وزرا کے نام سپاس نامے میں علاقے کے کئی مسائل کا تذکرہ کیا گیا ۔ خصوصا نوعمر کالاش لڑکیوں کی والدین سے بغیر پوچھے مسلم لڑکوں کے ساتھ شادی کے حوالے سے مطالبہ کیا گیا ۔ کہ اس عمل کو روکنے کیلئے حکومت مقامی مسلم اور کالاش کمیونٹی کے مابین معاہدہ انجام دلائے ۔ تاکہ ایسے مواقع پر نکاح سے پہلے لڑکی کے والدین سے پوچھا جائے ۔ تاکہ بعد میں مسائل جنم نہ پائیں ۔ اس موقع معاون خصوصی وزیر زادہ نے صوبائی وزرا اور آفیسرز کی فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کہا ۔ کہ موجودہ حکومت نے اقلیتوں کے کئی دیرینہ مسائل حل کئے ہیں ۔ فیسٹول میں بڑی تعداد میں اقلیتی سکھ برادری کے لوگوں نے بھی شرکت کی ۔ اور لطف اندوز ہوئے ۔ بعد آزان وزرا کا یہ قافلہ بمبوریت کی طرف روانہ ہوا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں