227

محکمہ حیوانات کے ڈسٹرکٹ ڈائرکٹر کی طرف سے ناانصافی اور ظلم کا نوٹس لیا جائے/کالاش باشندوں کاپریس کانفرنس

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) کالاش ویلی رمبور کا باشندہ نصیر محمد کالاش نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ، چیف سیکرٹری اور دوسرے حکام سے اپیل کی ہے کہ وٹرنری ڈسپنسری رمبور میں چوکیدار کی اسامی پر تعیناتی کے سلسلے میں ان کے ساتھ محکمہ حیوانات کے ڈسٹرکٹ ڈائرکٹر کی طرف سے ناانصافی اور ظلم کا نوٹس لیا جائے جس نے علاقے سے 56کلومیٹر واقع گاﺅں دنین سے ایک شخص کو ان کی جگہ بھرتی کیا اور تبدیلی اور انصاف کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ علاقے کے عمائیدین ثراوت شاہ، جماعت خان، یاسر، علی زار اور دوسروں کے ہمراہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ان کا باپ مذکورہ ڈسپنسری میں چوکیدار کے طور پر 2018ءمیں ریٹائر ہوگئے اور محکمے کے افسران کی زبانی حکم پر انہوںنے ایک سال تک بغیر تنخواہ کے ڈیوٹی سرانجام دیتا رہا لیکن گزشتہ مہینے جب یہ اسامی میڈیا میں مشتہرہوئی اور درخواست طلب کئے گئے تو وادی کے عوام میرے حق میں دستبردار ہوگئے اور کسی ایک نے بھی درخواست جمع نہیں کرائی اور انٹرویو میں میرے سوا کوئی بھی پیش نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ڈائرکٹر نے مجھے یقین دہانی بھی کرائی تھی کہ ان کا سیلیکشن ہوگیا ہے کیونکہ مقابلے میں کوئی اور نہیں آیا تھالیکن جب تعیناتی کے احکامات جاری ہوئے تو چترال شہر کے دنین گاﺅں سے آفتاب خان کی تعیناتی ہوئی تھی جس سے ان کو شدید دھچکا لگ گیا اور وہ مایوسی کے دلدل میں پھس گئے ہیں۔ اس موقع پرموجود عمائیدین نے محکمہ حیوانات کے افسران کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے سوال کیا کہ کیا تبدیلی اس کا نام ہے کہ 54کلومیٹر دور گاﺅں سے کسی شخص کو اٹھاکر ان کی وادی میں لاکر کلاس فور کی اسامی پر بیٹھاتے ہیں جبکہ وادی میں اس اسامی کے لئے اہل تین سو سے ذیادہ نوجوان موجود ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر اس غیر قانونی اور ناانصافی پر مبنی تعیناتی کے آرڈر کو فی الفور منسوخ کرکے نصیر محمد کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی تو وہ ڈسپنسری میں غیر قانونی تعینات شدہ شخص کو ڈیوٹی کرنے نہیں دیں گے ۔ا نہوںنے کہاکہ محکمہ حیوانات نے اقلیتوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈال دیا ہے جس کا نوٹس لیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ نصیر محمد اقلیت سے تعلق رکھنے کے ساتھ ساتھ میٹرک پاس نوجوان اور محکمے کے ریٹائرڈ ملازم کا بیٹا بھی ہے اور ایک سال مفت ڈیوٹی بھی سرانجام دے چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں