95

چترال کے کالاش ویلی رمبور میں حالیہ بارشوں کے دوران کئی گھر منہدم اور کئی کو جزوی طور پر نقصان پہنچا

چترال ( محکم الدین ) چترال کے کالاش ویلی رمبور میں حالیہ بارشوں کے دوران کئی گھر منہدم اور کئی کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے ۔ جبکہ برساتی نالوں میں آنے والے سیلاب سے کئی مکانات ،باغات اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ کالاش ویلی رمبور کی معروف سوشل ایکٹی وسٹ اور کونسلر زرمس گل نے میڈ یا سے بات کرتے ہوئے بتایا ۔ کہ رمبور شیخاندہ میں تین گھر منہدم ہوئےہیں۔ اس طرح سنٹر رمبور میں جبار خان ،غازی خان ، سردار خان ، منیجر ،اقبال ،صوتی خان ، اوچوک گول میں کالاش خاتون سیچین گل ،زرمس گل ، غلام خان تعلیم خان کے مکانات و زمینات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ جبکہ کالاشگرام گاوں میں برزنگی خان کالاش ، بہرام خان ،تلامان خان ،عبداللہ اور ڈازو خان کے مکانات ،مویشی خانوں ، زمینات اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ نہری نظام مکمل طور پرمتاثر ہوچکا ہے ۔ اور بعض گھر انتہائی طور پر غیر محفوظ ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے حالیہ ایمرجنسی حالات میں موبائل نیٹ ورک کی ناقص کارکردگی پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ۔ کہ کالاش ویلی رمبور میں رابطے کا واحد ذریعہ ٹیلی نار موبائل نیٹ ورک ہے ۔ لیکن حالیہ ایمرجنسی حالات میں یہ سروس بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ اور لوگوں کو معلومات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ زرمس گل نے ٹیلی نار کمپنی سے پر زور مطالبہ کیا ۔ کہ ٹاور میں تیل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ اور موبائل سروس پر لوگوں کا اعتماد بحال کیا جائے ۔ زرمس گل نے ڈپٹی کمشنر چترال اور متعلقہ اداروں سےپر زور مطالبہ کیا ۔ کہ رمبور کےمتاثرین کو ریلیف اورمالی امداد فراہم کیا جائے۔ تاکہ وہ اپنے مکانات ، زمینات کے بحالی کوممکن بناسکیں ، اور برساتی نالوں میں سیلاب روکنے کیلئے چیک ڈیم و زمینات کو کٹاو سے بچانے کیلئے حفاظتی بند تعمیر کئے جائیں ۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت سے بھی رمبور متاثرین کی مدد کرنے کی اپیل کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں