87

AKAHP کی جانب سے ونٹرائزاڈشیلٹر ٹینٹ ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے حوالے کئے گئے

بونی (نمائندہ) بونی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ کے اسٹاف نے آر پی ایم والی محمد خان کی ہدایت پر حالیہ بارشوں اور برف سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی مدد کے لئے ونٹرائزاڈشیلٹر ٹینٹ ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے حوالے کیا۔ ضلعی انتظامیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے شاہ عدنان نے امدادی سامان وصول کیا۔تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کو بریفنگ دیتے ہوئے منیجر ایمرجنسی منیجمنٹ آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان جاوید احمد نے کہا کہ AKAHP ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے چترال کے دونوں اضلاع میں ونٹرائزاڈشیلٹر ٹینٹ کے ساتھ ساتھ بنیادی ضروریات کے اسٹور قائم کرچکا ہے اس سلسلے میں اپر چترال کے مختلف مقامات پر 100 سے زا ئد اسٹاک پائل ز اب تک قائم کئے جاچکے ہیں۔ جس میں سینکڑوں کی تعداد میں فوری اور بنیادی ضرورت کی چیزیں اسٹور کئے گئے ہیں۔ AKAHP اپنی روایات برقرار رکھتے ہوئے ہمیشہ کی طرح ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے شانہ بشانہ متاثرین کی مدد کررہا ہے اسی سلسلے میں آج یہ ونٹرائزاڈشیلٹر ٹینٹ انتظامیہ کے حوالے کررہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار حکیم نے کہا کہ اے کے ڈی این نے چترال کی ترقی میں گراں قدر خدمات انجام دیئے ہیں ہم انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ AKAHP کے عوامی پروجیکٹس کی تکمیل میں ان کے لئے آسانیاں پیدا کرے تاکہ AKAHP ہمیشہ کی طرح اپنے نوبل کام کو انجام دینے میں کامیاب ہوسکے۔ ممتاز اسکالر حمیدالدین نے آغا خان ریجنل کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ نعمتیں انسان کو مختلف شکل میں ملتی ہیں میں AKAHP اور AKDN کو بھی ایک نعمت کے طور پر دیکھتا ہوں۔ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہئے۔
ضلعی انتظامیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے اے سی شاہ عدنان نے اختتامی کلمات میں AKAHP کے ہر ایمرجنسی میں بہترین کردار ادا کرنے کی روایت کو سراہا اور امید کا اظہار کیا کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
تقریب کے شرکاء میں سردار حکیم، چیئرمین تحصیل کونسل،حمید الدین، چیئرمین AKRCAB ریجنل کونسل اپر چترال، یوسف حیات،پریذیڈنٹ لوکل کونسل بونی، محی الدین، پریذیڈنٹ لوکل کونسل مستوج،شاہ عدنان، اے سی ہیڈ کوارٹر اپر چترال، شیر افگن، پی اے ٹو ڈپٹی اسپیکر اور AKAHP کے اسٹاف شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں