206

اس سال انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی /حسین اقبال،

اسلام آباد (نیوزڈیسک)  وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کیلئے اس سال انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی ، اعلی تعلیم کے شعبے کیلئے پینتیس ارب پچاس کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جسے آئندہ سال پچاس ارب روپے کیا جائے گا، چین پاکستان اقتصادی راہداری پراعتراضات کرنے والے عناصرملک کی ترقی اورخوشحالی میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان علمی راہداری کے تحت با صلاحیت نوجوانوں کو وظائف دئیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال اعلی تعلیم کے شعبے کیلئے پینتیس ارب پچاس کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جنہیں اگلے سال بڑھا کر پچاس ارب روپے کیا جائے گا۔چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق ایک سوال پراحسن اقبال نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں کے سندھ اور بلوچستان کی سماجی واقتصادی ترقی کے خاطر خواہ ثمرات حاصل ہوںگے کیونکہ سی پیک کے تحت توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے زیادہ تر منصوبے سندھ اور بلوچستان میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، تربت، پنجگور اورسہراب میں نئی سڑکوں کی تعمیر سے بلوچستان میں مواصلاتی نیٹ ورک کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پراعتراضات کرنے والے عناصرملک کی ترقی اورخوشحالی میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا مقصد پورے ملک کی ترقی ہے اور سول اورعسکری قیادت اس اہم منصوبے کی تکمیل کیلئے مکمل ہم آہنگی سے کام کررہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں