305

وزیر جنگلات خیبر پختونخوا اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات کے شہداء نے جنگل کو بچانے کی خاطر جانوں کا نذرانہ دے کر یہ واضح کردیا ہے کہ ہماری زندگی میں درختوں کی اہمیت کیا ہے

چترال (نمائندہ ) وزیر جنگلات خیبر پختونخوا اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات کے شہداء نے جنگل کو بچانے کی خاطر جانوں کا نذرانہ دے کر یہ واضح کردیا ہے کہ ہماری زندگی میں درختوں کی اہمیت کیا ہے کہ اس پر لوگ جان بھی دینے سے دریغ نہیں کرتے اور یہ بات بھی عوام کے سامنے روز روشن کی طرح اشکارا ہوگئی کہ جب اوپر کرپٹ اور چور نہ ہوں تو نیچے لوگ قربانی دینے کے لئے تیار بیٹھے ہوتے ہیں جوکہ ان کی لیڈرشپ پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔ بدھ کے روز چترال شہر کے نواحی گاؤں چمرکن میں گزشتہ دنوں چمرکن جنگل میں آگ بجھانے کے دوران شہید ہونے والے فارسٹر جمشید اقبال کے گھرمیں تعزیت کے موقع پر انہوں نے کہاکہ گرین پاکستان کے لئے جمشید اقبال نے جو قربانی دی ہے، اسے کبھی رائیگان نہیں دیا جائے گا اورشہید کے خون سے سرسبزو شاداب پاکستان کا خواب پورا ہوگااور مذکورہ جنگل میں ڈیوٹی نہ ہونے کے باوجود رضاکارانہ طور پر وہاں پہنچنا اور اپنی جان تک قربان کرنا تاریخ کا سنہرا حصہ بن کر قیامت تک یاد رہے گا۔انہوں نے کہاکہ جب جمشید اقبال کی شہادت کی خبر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ تک پہنچی تو انہوں نے تعزیت کے لئے ادھر بھیج دیا ہے تاکہ وہ ان کی طرف سے غم زدہ خاندان سے اظہار ہمدری کرے جوکہ ڈیوٹی کے دوران شہید ہوگئے۔ اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ ملک مشکلات میں ضرور گھرا ہوا ہے لیکن اللہ نے ہمیں ایسا لیڈر دیا ہے جوچور اور کرپٹ نہیں ہے جس نے ہماری سمت درست کردی ہے اور اب پاکستان کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ وزیر جنگلات نے شہید فارسٹر کے ورثا ء شہید پیکج دینے، ان کے چھوٹے بھائی آصف اقبال کو ان کی جگہ ملازمت دینے اور گاؤں کے لنک روڈ کو شہید کے نام سے منسوب کرکے جمشید اقبال شہید روڈ رکھنے کا اعلان کیا۔ اس سے قبل معروف عالم دین اور جے یو آئی کے سینئر لیڈر قاری جمال عبدالناصر نے اہالیان چترال کی طرف سے وزیر جنگلات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نے شہید کے خاندان کے ساتھ اظہار ہمدری کرکے عوام کادل جیت لیا ہے جبکہ اس سے محکمہ جنگلات کے فیلڈ فورس کا مورال بلند ہوگیا ہے اور اب وہ ذیادہ تندہی سے اس قومی دولت کی حفاظت کرسکیں گے۔ اس موقع پر شہید کے والد محمد زبیر، بڑے بھائی جاوید، سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ، پی ٹی آئی کے مقامی رہنما عبداللطیف، اسرار صبور، شہزادہ سکندر الملک، محمدحیات خان علاقے کے معززین ایڈیشنل ڈی سی (جنرل) حیات شاہ، ڈی ایف او فارسٹ ڈویژن چترال فرہاد علی بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں