206

خیبر پختونخوا حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ میں دائر اپیل کا فیصلہ آنے تک انتخابات کی تیاریاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے

پشاور/خیبر پختونخوا حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ میں دائر اپیل کا فیصلہ آنے تک انتخابات کی تیاریاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔  صوبائی وزیر اطلاعات کامران بنگش نے پشاور میں قومی ادبی وثقافتی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں بتایاکہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے عدالت عظمیٰ نے کیس کی سماعت کیلئے 25 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔  عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آنے تک بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔ کامران بنگش نے کہا کہ پی ڈی ایم کا پشاور جلسہ ویلج کونسل کے کارنر میٹنگ سے بھی کم تھا، اس باراپوزیشن کو بلدیاتی انتخابات میں امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔  انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کا پاور شو نہیں بلکہ پاور لیس شو تھا،عوام نے ان لوگوں کو آئینہ دکھا دیا، پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے چہروں پر مایوسی عیاں تھی، یہ ایک غیر فطری اتحاد ہے، ان کے آپس میں بھی تعلقات ٹھیک نہیں ہیں۔ کامران بنگش نے کہاکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان پے درپے کامیاب جلسے کررہے ہیں، پی ٹی آئی کے جلسے 20،20 گنا بڑے ہوتے ہیں۔  کامران بنگش کاکہنا تھا کہ آئی جی کے ساتھ ملاقات میں اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے، پولیس کی مستعدی سے کئی گینگز پکڑے گئے ہیں۔کامران بنگش نے کہا کہ ہم اپنی ثقافت اور تہذیب کو اپنا قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں۔  وزیر اعظم عمران خان نے دنیابھر میں پاکستانی لباس اور ثقافت کو اجاگر کیا، ہمارا صوبہ مختلف ثقافتوں کا امین ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ثقافتی سرگرمیوں کے احیاء کیلئے بہت کام کیا ہے، خیبرپختونخوا کی ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث امن قائم ہوا ہے امن کی بحالی سے ثقافتی معمولات واپس لوٹ آئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں