125

بلبل چترال فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام دروش میں دو روزہ فری لانسنگ آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

چترال کے نامور مذہبی،سیاسی اور سماجی شخصیت مولانا عبدالحمید خان المعروف بلبل چترال (کاریو مولانا)سے منسوب رفاہی ادارے ”بلبل چترال فاؤنڈیشن“کے زیر اہتمام دروش میں گذشتہ روز ”فری لانسنگ“ کے حوالے سے دو روزہ آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جسمیں تحصیل دروش کے مختلف علاقوں سے نوجوانوں نے شرکت کی جنہیں دور جدید کے اہم شعبے فری لانسنگ کے حوالے سے بنیادی معلومات اور آگاہی فراہم کی گئی۔ اختتامی تقریب میں ادارے کے سرپر ست قاری جمال عبدالناصر، نامور عالمدین مولانا احتشام الحق اور معروف شاعر، ادیب اور ہائی سیکنڈری سکول درو ش کے پرنسپل محمد سلیم کامل نے بھی شرکت کی۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چترال کے ایک نامور اور عہد ساز شخصیت بلبل چترال مولانا عبدالحمید خان مرحوم سے منسوب اس ادارے کا قیام نہایت خوش آئندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے قابل بنانے کے لئے ہنر سکھانے اور آگاہی و معلومات دینے کے لئے جو سلسلہ شروع کیا ہے یقینا یہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاؤن کا یقین دلایا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے سرپرست قاری جمال عبدالناصر نے کہا کہ اس ادارے کے قیام کا مقصدعلاقے کے عوام کی بلا تفریق خدمت کرنا ہے ہے، ہماری زیادہ تر توجہ غربت اور بے روزگاری کا مقابلہ کرنے کے لئے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے پر ہے،ساتھ ساتھ صحت اور دیگر شعبوں میں مفاد عامہ کے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ رفتہ رفتہ اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے گی۔
بعد ازاں دو روزہ آگاہی ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں