آیون میں یومِ آزادی کی شاندار تقریبات ، طلبہ کی تقاریر، ملی نغمے اور پرچم کشائی

آیون ( فتح اللہ) پی پی پی ایف کے مالی تعاون اور گیپ تنظیم کے زیرِ اہتمام آیون کے تین تعلیمی اداروں میں یومِ آزادی کی پُر وقار تقریبات منعقد ہوئیں۔ ان تقریبات میں گورنمنٹ مڈل سکول مولدہ آیون، گورنمنٹ پرائمری سکول مولدہ آیون اور گورنمنٹ پرائمری سکول اٹانی آیون کے طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
تقریبات کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی۔ طلبہ نے یومِ آزادی کی مناسبت سے تقاریر، ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلو پیش کیے جنہیں شرکاء نے بھرپور داد دی۔ اسکول کے ہال اور میدان قومی پرچموں اور سبز و سفید رنگوں سے سجے ہوئے تھے، جبکہ بچوں کے چہروں پر پاکستان سے محبت اور ولولہ نمایاں تھا۔
اس موقع پر آیون بھر سے عمائدین، سماجی شخصیات اور طلبہ کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے آزادی کی اہمیت اور اس کی حفاظت کے لیے اتحاد و قربانی کی ضرورت پر زور دیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔



