مضامین

پانی: اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور چترال میں اس کا ذمہ دارانہ استعمال

پانی: اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور چترال میں اس کا ذمہ دارانہ استعمال..بشیر حسین آزاد
پانی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ انمول نعمتوں میں سے ایک ہے، جس کے بغیر زندگی کا تصور بھی ممکن نہیں۔ دنیا کے وہ خطے جہاں لوگ پانی کی ایک ایک بوند کو ترستے ہیں، وہاں اس نعمت کی اصل قدر و قیمت کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے ہم میں سے اکثر لوگ پانی کی فراوانی کو دیکھ کر اس کی اہمیت کو نظرانداز کر دیتے ہیں، جس کا نتیجہ ضیاع اور قلت کی صورت میں سامنے آتا ہے۔
چترال ایک ایسا علاقہ ہے جسے اللہ تعالیٰ نے قدرتی حسن کے ساتھ ساتھ وافر آبی وسائل سے بھی نوازا ہے۔ بلند و بالا پہاڑوں پر موجود گلیشیئرز، صاف و شفاف چشمے، بہتے دریا اور نہریں اس خطے کی پہچان ہیں۔ لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ان وسائل سے مؤثر اور منظم طریقے سے فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔
چترال ٹاؤن کو انگارغون اور گولین ویلی سے پانی کی فراہمی کی جاتی ہے، لیکن تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث یہ سپلائی ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔ نتیجتاً شہریوں کو متبادل ذرائع جیسے ندی نالوں کے پانی پر انحصار کرنا پڑرہا ہے، جو نہ صرف غیر محفوظ ہے بلکہ صحت کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
چترال کے کئی علاقوں میں یہ مسئلہ بھی سامنے آیا ہے کہ انگارغون پائپ لائن کے ذریعے فراہم کیا جانے والا صاف پانی، ندی نالوں کے گدلے پانی کے ساتھ مکس ہو جاتا ہے۔ اس آلودگی کے باعث مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں، جن میں معدے، جلد اور دیگر انفیکشن شامل ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف عوامی صحت کے لیے خطرہ ہے بلکہ انتظامی غفلت کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
اس سنگین مسئلے کا حل صرف حکومت یا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں۔ گھروں میں صاف پانی اور ندی کے پانی کے لیے الگ الگ کنکشن کا بندوبست کیا جائے تاکہ آلودگی سے بچا جاسکے۔
دوسری جانب متعلقہ محکموں کو چاہیے کہ وہ پانی کی فراہمی کے نظام کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ پائپ لائنوں کی مرمت، نئی لائنوں کی تنصیب، اور پانی کے ذخائر کی تعمیر جیسے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
چترال کی بڑھتی ہوئی آبادی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر پانی کی قلت ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور سیاسی قیادت اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے اور بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی کرے۔ نئے واٹر سپلائی پروجیکٹس اور پانی کے ذخیرہ کرنے کے جدید طریقوں کو اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
پانی ایک ایسی نعمت ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ اگر آج ہم نے اس کی قدر نہ کی اور اسے ضائع ہونے سے نہ بچایا تو آنے والی نسلوں کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ چترال جیسے وسائل سے بھرپور علاقے میں بھی اگر پانی کی قلت پیدا ہو رہی ہے تو یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر اس نعمت کی حفاظت کریں اور اس کے درست استعمال کو یقینی بنائیں۔

زَرگَراندہ چترال میں آلودہ پانی کا مسئلہ حل، غیر قانونی کنکشن اور مکسنگ لائن بند
چترال(نمائندہ آئین )انگارغون واٹر سپلائی اسکیم کے تحت صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی جاری ہے، تاہم بعض افراد کی جانب سے سپلائی لائن سے غیر قانونی مقامی کنکشن لگانے کے باعث پانی کے معیار کو خطرات لاحق ہو گئے تھے۔
ڈبلیو ایس یو ٹی ایم اے چترال کے تکنیکی عملے نے زَرگَراندہ کے علاقے میں ایک ایسے ہی غیر قانونی کنکشن کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اور مقامی لائن کو منقطع کر دیا، جس سے پانی کی فراہمی کو آلودگی سے بچالیا گیا۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں صاف پانی کی مین لائن کے ساتھ چترال گول نالے کے پانی کا پائپ مکس ہونے کی وجہ سے پانی مٹی آلود ہو گیا تھا، جس کی بروقت نشاندہی کے بعد اسے بند کر دیا گیا اور صورتحال پر قابو پالیا گیا۔
متعلقہ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم قومی وسائل کے تحفظ میں تعاون کریں اور کسی بھی قسم کے غیر قانونی کنکشن سے گریز کریں، تاکہ صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button