جماعت اسلامی چترال لوئر کا حکومت سے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے، مہنگائی میں کمی کا مطالبہ اور کا کرپٹ عناصر کیخلاف عوامی دھرنے کا اعلان

چترال: جماعت اسلامی ضلع چترال لوئر کے زیر اہتمام قتیبہ دنین میں عید ملن پارٹی منعقد ہوئی جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہ الدین نے کی۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے کارکنان، ذمہ داران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں حکومت پاکستان پر زور دیا گیا کہ وہ امریکا کے دباؤ میں آکر نام نہاد "ابراہیمی معاہدے” کا حصہ بننے سے گریز کرے اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنے اصولی مؤقف پر ثابت قدم رہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل کو کسی بھی قسم کی سیاسی یا سفارتی پذیرائی دینا امت مسلمہ کے جذبات کے منافی ہوگا۔
قرارداد میں مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح اور عوامی مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرکے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔
اجلاس نے ضلع چترال میں مختلف محکموں اور ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بدعنوانی کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور عوامی اداروں میں اصلاحات کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ قرارداد میں صحت اور تعلیم کے اداروں کی آؤٹ سورسنگ اور نجکاری پالیسی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی چترال عوامی حقوق، شفاف طرز حکمرانی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔15 جون کے بعد عوامی سطح پر بھرپور احتجاجی تحریک اور طویل دھرنے کا راستہ اختیار کپیا جائے گا۔اس موقع پرمولاناجمشیداحمد، مولاناسفیراللہ،قاری سلامت اللہ،عبدالحق اوردوسروں نے مختلف موضوعات پرتفصیلی بیان کی مولانااسرارالدین الہلال اورقاری وقاراحمدچترالی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔








