کمشنر رائٹ ٹو سروسز کمیشن کا لوئر چترال کا دورہ، عوامی خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

چترال: کمشنر رائٹ ٹو سروسز کمیشن، حکومت خیبر پختونخوا نے لوئر چترال کا ایک روزہ دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم اعظیم نے کمشنر کا استقبال کیا، جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
دورے کے دوران کمشنر رائٹ ٹو سروسز کمیشن نے مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں عوام کو سرکاری خدمات کی بروقت، شفاف اور مؤثر فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی خدمات کو مقررہ مدت کے اندر اور معیاری انداز میں فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی سرکاری اہلکار یا محکمے کی جانب سے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی یا غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف رائٹ ٹو سروسز ایکٹ 2014 کے تحت قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں عوامی خدمات کی نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، شفافیت کو فروغ دینے اور جوابدہی کے عمل کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء نے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور خدمات کے معیار میں مزید بہتری لانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پرلوئر چترال کے ایک دور افتادہ گاؤں کے 30 گھرانوں نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے مسئلے کے حل پر رائٹ ٹو سروسز (آر ٹی ایس) کمیشن خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کیا ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ رائٹ ٹو سروسز کمیشن عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، جس سے عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے۔






