تازہ ترین

شندور پولو فیسٹیول 2026: ایس سی او کی جانب سے جدید مواصلاتی سہولیات کی کامیاب فراہمی

شندور: سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے شندور پولو فیسٹیول 2026 کے دوران دو جدید مواصلاتی ٹاورز نصب کرکے اور مفت عوامی وائی فائی سروس فراہم کرتے ہوئے فیسٹیول کے شرکاء، میڈیا نمائندگان اور سیاحوں کے لیے کامیابی کے ساتھ بلا تعطل انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی یقینی بنائی۔

ایس سی او کی جانب سے کیے گئے اس منفرد اقدام کے نتیجے میں فیسٹیول کے دوران لائیو اسٹریمنگ، فوری رابطوں اور انٹرنیٹ تک رسائی کی سہولت ہر وقت دستیاب رہی۔ اس سہولت سے نہ صرف مقامی و غیرملکی سیاح مستفید ہوئے بلکہ میڈیا نمائندگان، وی لاگرز اور صحافیوں کو بھی خصوصی تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کیا گیا، جس کے ذریعے وہ فیسٹیول کی سرگرمیوں کی براہ راست کوریج اور نشریات دنیا بھر کے ناظرین تک مؤثر انداز میں پہنچانے میں کامیاب رہے۔

ایس سی او کے انجینئر شعیب کے مطابق یہ منصوبہ تقریباً ایک سال پر محیط منصوبہ بندی، تکنیکی جانچ پڑتال اور عملے کی تربیت کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل لیفٹیننٹ کرنل عثمان غمن کی نگرانی میں ممکن ہوئی، جن کی مؤثر قیادت، جامع حکمت عملی اور مسلسل رہنمائی نے اس اہم مواصلاتی منصوبے کی کامیاب تنصیب اور عمل درآمد میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے نہ صرف میڈیا کے نمائندے بلکہ عام عوام بھی مسلسل رابطے میں رہے۔ زائرین نے فیسٹیول کی لائیو اپ ڈیٹس شیئر کیں، ویڈیو کالنگ سروسز سے استفادہ کیا اور شندور کے دور افتادہ مقام پر بھی بلا رکاوٹ انٹرنیٹ سہولت سے فائدہ اٹھایا۔

شندور پولو فیسٹیول کے دوران ایس سی او کی جانب سے فراہم کی گئی جدید مواصلاتی سہولیات اس ادارے کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ ملک کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں بھی ڈیجیٹل رابطوں کو فروغ دیا جائے اور پاکستان کے ثقافتی و سیاحتی ورثے کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button