چترال: غیر قانونی واٹر کنکشنز اور نادہندگان کے خلاف ٹی ایم اے کی کارروائیاں جاری

چترال (بشیرحسین آزاد) واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز یونٹ (WSU) ٹی ایم اے چترال کی تکنیکی ٹیم نے صاف پانی کی منصفانہ اور مؤثر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بلچ پائین، بلچ بالا اور بکرآباد کے علاقوں میں نادہندگان اور غیر قانونی پانی کے کنکشنز کے خلاف خصوصی انفورسمنٹ مہم چلائی۔
مہم کے دوران ٹیم نے پانی کے بقایاجات ادا نہ کرنے والے صارفین اور غیر قانونی کنکشنز کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف ضروری کارروائی کی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانا، وسائل کے ضیاع کو روکنا اور تمام صارفین کو مساوی بنیادوں پر سہولت فراہم کرنا ہے۔
ٹی ایم اےچترال کے مطابق غیر قانونی کنکشنز اور واجبات کی عدم ادائیگی پانی کی فراہمی کے نظام کو متاثر کرتی ہے، جس کے باعث قانون کے مطابق کارروائی ناگزیر ہو جاتی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے واجبات بروقت ادا کریں اور غیر قانونی کنکشنز سے اجتناب کریں تاکہ پانی کی فراہمی کا نظام مزید مؤثر اور پائیدار بنایا جاسکے۔
ٹی ایم او چترال حیدر ایوب خان نے کہا ہے کہ عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی ٹی ایم اے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی کے نظام کو نقصان پہنچانے یا غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے وسائل کے ضیاع کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔



