تازہ ترین

ڈگری کالج چلاس کی بنیادی ترجیح معیاری تعلیم اور طلبہ کی تربیت ہے، دستیاب وسائل اسی مقصد پر خرچ کیے جائیں: سیکریٹری ہائر ایجوکیشن

چلاس (خصوصی رپورٹ : امیرجان حقانی ) سیکریٹری ہائر ایجوکیشن گلگت بلتستان راجہ رشید علی نے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد عالم کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چلاس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کالج کی تعلیمی و انتظامی کارکردگی، گزشتہ تین سال کے نتائج، تدریسی سرگرمیوں، لائبریری، کلاس رومز اور کمپیوٹر لیب کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کالج پہنچنے پر پرنسپل پروفیسر عبداللہ خان اور فیکلٹی نے سیکریٹری ہائر ایجوکیشن اور ڈائریکٹر کالجز کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پرنسپل نے کالج کی مجموعی کارکردگی، تدریسی سرگرمیوں، طلبہ کی تعداد، دستیاب سہولیات اور گزشتہ تین سال کے تعلیمی نتائج کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سیکریٹری ہائر ایجوکیشن نے کالج کی تعلیمی کارکردگی اور نتائج کو سراہتے ہوئے پرنسپل اور فیکلٹی کی خدمات کی حوصلہ افزائی کی۔
سیکریٹری ہائر ایجوکیشن نے کالج کی لائبریری، کلاس رومز اور کمپیوٹر لیب کا بھی معائنہ کیا۔ لائبریری میں اسسٹنٹ پروفیسر امیرجان حقانی نے اردو و عربی سیکشنز سمیت مختلف علمی شعبوں میں موجود کتب اور مطالعاتی وسائل کے بارے میں بریفنگ دی۔ سیکریٹری نے طلبہ میں مطالعے کے فروغ اور لائبریری کے مؤثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔
طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے راجہ رشید احمد نے کہا کہ طلبہ وسیع سوچ، نظم و ضبط، دیانت داری، خود اعتمادی، عملی مہارتوں اور مسلسل محنت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پر بھروسے کے ساتھ انسان کو اپنی صلاحیتوں اور محنت پر بھی اعتماد رکھنا چاہیے۔
اردو ادب کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری ہائر ایجوکیشن نے اردو زبان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اردو گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں کے درمیان رابطے کی اہم زبان ہے، اس لیے طلبہ کو اردو زبان و ادب پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔سیکریٹری نے کالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دستیاب وسائل طلبہ کی تعلیمی رہنمائی، کونسلنگ اور فلاح و بہبود کے لیے مؤثر طور پر استعمال کیے جائیں اور طلبہ کو درپیش نفسیاتی و معاشرتی مسائل کے حل کے لیے پرسنل کونسلنگ کا مؤثر نظام وضع کیا جائے۔ انہوں نے فیکلٹی کی فلاح و بہبود پر بھی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

راجہ رشید علی نے کہا کہ کالج کی بنیادی ترجیح معیاری تعلیم، طلبہ کی تربیت اور تعلیمی نظام میں بہتری ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بعض وجوہات کی بنا پر اے ڈی پی یا بی ایس پروگرام کا تسلسل مشکل ہو تو دستیاب وسائل کو طلبہ کی بنیادی تعلیمی ضروریات، خصوصاً انٹرمیڈیٹ کی تعلیم کی بہتری کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
دورے کے دوران کالج انتظامیہ کی جانب سے اضافی کلاس رومز، لیبارٹریز، کمپیوٹرز، طلبہ ہاسٹل اور لائبریری کے لیے جدید کتب سمیت مختلف ضروریات اور مسائل بھی سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کے سامنے پیش کیے گئے۔
ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد عالم نے بتایا کہ سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کی سربراہی میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چلاس میں چار نئے کلاس رومز، واٹر ٹینک، ہال اور اسٹاف روم کی تعمیر پر جلد کام شروع ہونے کی توقع ہے۔
سیکریٹری ہائر ایجوکیشن نے کالج کی ضروریات کا جائزہ لیتے ہوئے یقین دلایا کہ دستیاب وسائل اور محکمانہ ترجیحات کے مطابق ادارے کی جائز ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button