تازہ ترین

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح چترال میں بھی پٹرولیم لیوی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

چترال (نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح چترال میں بھی پٹرولیم لیوی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی چترال وجیہ الدین نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی یقین دہانی پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے احتجاجی تحریک اور اسلام آباد مارچ مؤخر کیا تھا، لیکن وعدوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث احتجاجی تحریک دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امیر جماعت اسلامی کی ہدایت پر اسلام آباد کی طرف مارچ بھی کیا جائے گا۔
وجیہ الدین نے صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کو جمہوری نظام پر ضرب قرار دیتے ہوئے سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں اور انتقامی کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عرصۂ دراز سے کرپشن کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے۔ چترال میں ترقیاتی منصوبوں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور بیوٹیفکیشن کے نام پر مبینہ کرپشن کے شواہد سامنے لائے جا چکے ہیں، مگر افسوس کہ کرپشن میں ملوث عناصر کے احتساب کے بجائے سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی انکوائری رپورٹ مبینہ کرپشن کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے ایک اہم بنیاد فراہم کرتی ہے۔ حکومت اگر واقعی بدعنوانی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو اسے سیاسی انتقام کے بجائے اس رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات اور شفاف احتساب کا چترال سے آغاز کرنا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چترال کے ترقیاتی فنڈز اور عوامی وسائل میں خردبرد کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
امیر جماعت اسلامی چترال نے دروش اور چترال میں جاری لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 106 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے علاقے کے عوام کا لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا رہنا ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے بجلی کے محکمے میں عملے کی شدید کمی، میٹر ریڈنگ میں تاخیر اور کئی کئی ماہ کے یک مشت بھاری بلوں کو عوام کے لیے سنگین مشکلات کا سبب قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف تین لائن مینوں اور تین میٹر ریڈرز کے ذریعے پورے علاقے کے نظام کو چلانا عوام اور محکمے، دونوں کے ساتھ مذاق ہے۔
وجیہ الدین نے مطالبہ کیا کہ چترال اور دروش میں غیر ضروری لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے، بجلی کے میٹر ہر ماہ باقاعدگی سے چیک کیے جائیں، بروقت بل جاری کیے جائیں اور متعلقہ محکمے میں عملے کی کمی دور کی جائے تاکہ غریب عوام کو ناقابلِ برداشت مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ چترال کے عوام کے حقوق، وسائل اور بنیادی سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ حکومت سیاسی انتقام کے بجائے حقیقی احتساب کرے، عوامی مسائل حل کرے اور پسماندہ ضلع چترال کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کا خاتمہ یقینی بنائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button