291

عالمی سطح پر مشہور اور دنیا کی بلند ترین پولو گراونڈ شندور میں دو سال کے وقفےکے بعد تین روزہ شندور پولو میلہ جمعہ یکم جولائی سے پھر شروع

چترال ( محکم الدین ) عالمی سطح پر مشہور اور دنیا کی بلند ترین پولو گراونڈ شندور میں دو سال کے وقفےکے بعد تین روزہ شندور پولو میلہ جمعہ یکم جولائی سے پھر شروع ہوا ۔ جو تین دن جاری رہے گا ۔ یہ فیسٹول گذشتہ دو سال ملک اور پوری دنیا میں کویڈ 19 کے بڑھتے ہوئے وبا کی وجہ سے منسوخ کی جاتا رہا ۔ اب 2022 میں حالات بہتر ہونے پر پھر سے شروع کیا گیا ہے ۔ جس کا مقامی لوگ اور ملکی و غیرملکی سیاح شدت سے انتظار کر رہے تھے۔ شندور پولو فیسٹول کا افتتاح پروگرام کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد خان کے ہاتھوں ہونا تھا ۔ لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر عین موقع پر وزیر اعلی کادورہ شندور منسوخ کر دیا گیا ۔ ان کی جگہے پر سیکرٹری ٹورزم سپورٹس اینڈ کلچر یوتھ افیئرز اینڈ آرکیالوجی محمد طاہر اورکزئے نے بال پھینک کر فیسٹول کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت یوسفزئی ، آر پی اوملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال وغیرہ بھی موجود تھے ۔ فیسٹول کا پہلا میچ لاسپور اور غذر کے مابین کھیل گیا ۔ جس میں پہلے ہاف میں چترال نے آٹھ گول سکور کئے ۔ جس کے مقابلے میں مخالف غذر ٹیم صرف ایک گول کرنے میں کامیاب ہو سکی ۔ دوسرے ہاف میں غذر نے مشکل سے مزید تین گول کئے ۔ جبکہ چترال نے سات گول کرکے مجموعی سکور پندرہ تک پہنچا دیا ۔اسی طرح غذر ٹیم کے چار گول کے مقابلے میں چترال ٹیم نے پندرہ گول کرکے اسان طریقے سے فتح حاصل کی ۔ اور ٹرافی اپنے نام کر لی ۔
پولو میچ کا دوسرا مقابلہ گلگت ڈی اور چترال ڈی کے مابین ہوا ۔ جس کے مہمان خصوصی سابق ممبر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان غلام محمد تھے ۔ یہ میچ انتہائی سنسنی خیز رہا ۔ جس میں گلگت نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ اور ان کا پلہ کھیل ختم ہونے تک بھاری رہا ۔ گلگت ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتےہوئے مد مقابل چترال ڈی ٹیم کو چار کے مقابلے میں چھ گولوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
شندور فیسٹول کے پہلے روز کا تیسرا میچ سب ڈویژن مستوج اور سب ڈویژن یاسین کے مابین کھیلا گیا ۔ جو کہ انتہائی سنسنی خیز میچ رہا ۔ دونوں ٹیموں کی شاندار کارکردگی کے باعث سکور 6، 6 پر برابر رہا ۔ جس پر دس منٹ کا اضافی وقت دیا گیا ۔ جو کہ مستوج سب ڈویژن کیلئے نیک فال ثابت ہوا ۔ اور انہوں نے ایک گول کا اضافہ کرکے 6 کے مقابلے میں 7 گولوں میچ اپنے نام کر لی ۔ اس میچ کے مہمان خصوصی بھی سابق ممبر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان غلام محمد ہی تھے
شندور پولو فیسٹول گذشتہ کئی سالوں سےکیلنڈر ایونٹ کے طور 7سے 9 جولائی کو شندورکے سیاحتی مقام اور پولو گراونڈمیں منعقد کیا جاتا ہے ۔ چترال اور گلگت کا فری سٹائل پولو پوری دنیا میں مشہور ہے ۔ اس لئےپوری دنیا کے سیاح ان پولو میچوں کو اور دیکھنے میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں ۔ اور فیسٹو ل سےکئی روز پہلے 12300 فٹ بلند شندور پولوگراونڈ کے احاطے میں موجود خوبصورت جھیل کنارے سبزہ زاروں پر ڈیرےڈال کر قدرتی نظاروں اورفیسٹول کا لطف اٹھاتے ہیں ۔ گذشتہ دوسالوں سے کویڈ کی وبا پھیلنےکے خدشے کےپیش نظرشندور فیسٹول سمیت کئی ایونٹس منسوخ کئےگئے تھے۔ اب حالات میں بہتری آنےکے بعد یکم جولائی سے تین روزہ پولو میلہ کا دوبارہ آغاز ہو چکا ہے ۔ جو کہ تین دن جاری رہے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں