چترال میں مرغابیوں کے شکار کیلئے مشہور ” بلچ شوتار ” سٹیٹ پراپرٹی قرار ، شکار پر پابندی ہوگی

چترال ( نامہ نگار ) چترال بھر میں مرغابیوں کے شکار کیلئے مشہور مقام بلچ شوتار کو سٹیٹ پراپرٹی قرار دے کر شکار پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر چترال انوار الحق کی زر صدارت جمعرات کے روز ایک غیر معمولی اجلاس میں تمام ڈیپارٹمنٹ کے آفیسران موجود تھے ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ بلچ شوتار ریاست پاکستان کی ملکیت ہے ۔ اس لئے آیندہ اس کو شکار کیلئے استعمال کرنے پر مکمل پابندی ہوگی ۔ کوئی بھی فرد اس مقام پر مرغابیوں کیلئے تالاب بنا سکتا ہے اور نہ شکار کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کسی کو اگر اس فیصلے کی خلاف ورزی کرتے دیکھا گیا ۔ تو سخت ایکشن لیا جائے گا ۔ واضح رہے ۔ کہ بلچ شوتار چترال بھر میں مرغابیوں کے شکار کیلئے انتہائی مشہور ہے ۔ اور سالانہ ہزاروں مرغابی اس مقام پر لقمہ اجل بن جاتے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر چترال کا فیصلہ مرغابیوں کی جان بخشی کیلئے اچھی اور شکاریوں کیلئے بری خبر ہے ۔



