245

جامع منصوبہ بندی اور پالیسی سازی کیلئے خانہ و مردم شماری کا اہم کردار ہے۔ چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا امداد اللہ بوسال نے کہا ہے کہ مردم شماری آبادی کی تفصیلی گنتی ہے۔ منصوبہ بندی، ترقی اور وسائل کی تقسیم کے لئے معیاری ڈیٹا کی ضرورت ہوتی ہے اور ایسی معلومات کے حصول کے لئے مردم شماری ایک بہترین عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری نے صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹی برائے مردم شماری کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی مردم شماری کمشنر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری بلدیات، داخلہ، تعلیم، ایڈمنسٹریشن، سکیورٹی حکام اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ساتویں خانہ و مردم شماری (پہلی ڈیجیٹل مردم شماری) ہے جس میں محکمہ تعلیم سمیت دیگر محکموں کے اہلکار خدمات انجام دیں گے۔ ساتویں خانہ و مردم شماری میں خود شماری کی سہولت بھی دی گئی ہے جس میں تمام افراد اپنی اور اپنے خاندان کی معلومات ادارہ شماریات پاکستان کے آن لائن ویب پورٹل پر بھی درج کراسکتے ہیں۔ تاہم شمار کنندگان یکم مارچ سے یکم اپریل 2023 تک گھر گھر جاکر معلومات حاصل کریں گے اور تمام افراد و خاندانوں کا اندراج کریں گے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے مردم شماری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری ایک قومی فریضہ ہے جس کی خوش اسلوبی کیساتھ انجام دہی میں تمام متعلقہ سرکاری محکموں کا کردار بہت اہم ہے اور اس کیلئے شمار کنندگان کو تمام مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔ شمارکنندگان اور جواب دہندگان کے درمیان تعاون کامیاب مردم شماری کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانہ و مردم شماری میں ڈیجیٹائزیشن کے استعمال سے ڈیٹا کے معیاری ہونے کے عنصر کو تقویت ملے گی۔ مردم شماری میں ادارہ شماریات پاکستان، نادرا، محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی و دیگر ادارے اپنا بہتر کردار ادا کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں