375

خطیب شاہی مسجد چترال کی اہلیان چترال سے شجر کاری مہم میں شرکت کی اپیل

خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزماں کاکاخیل صاحب جمعہ کی خطاب میں شجرکاری کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی آمد ہے اور شجرکاری کا موقع ہے ہمیں اس موقع کو غنیمت جان کے شجر کاری کرنی چاہیئے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں شجرکاری کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دست مبارک سے کھجور کی شجرکاری کی اور امت کو اپنی عمل سے یہ پیغام دیا۔ اسی طرح آج کل موجود نیشنل پارک اور جنگلات کی تحفظ کا اولین تصور بھی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے پیش کیا تھا۔ مدینہ سے دور ایک مقام نشان زد تھا جہاں کسی درخت کو کاٹنے یہاں تک کہ اونٹ ہنکانے کیلئے کسی چھڑی تک کاٹنے کی اجازت نہیں تھی۔ مولانا خلیق الزماں صاحب نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا سدباب جہاں دیگر ذرائع سے ممکن ہے وہیں پر شجرکاری سے بھی اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ گزشتہ سالوں کے رپورٹ کے مطابق کئی ہزار انسانوں کی اموات ماحولیاتی آلودگی سے ہوئی ہے اور افسوس ہے کہ ہم ماحول کو آلودہ کرنے والوں میں شامل ہیں۔ جدید مشینریوں کی بہتات اور دوسری طرف تعمیرات کی دنیا میں انقلاب کے بدولت درختوں کی کٹائی میں ہوش ربا اضافہ ہوا ہے۔ خطیب صاحب نے درختوں کی کٹائی کی پرزور مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس نیت سے شجرکاری کرنی چاہیئے کہ اس سے ماحول پر خوشگوار اثر مرتب ہونگے اور اس کا میوہ کسی انسان کے استعمال میں ائے گا اور ہمارے چترال کی شادابی و سرسبزی میں اضافہ ہوگا۔ یقیناً چترال کی سرسبزی و شادابی اور خوبصورتی سیاحت کی فروغ کی راہیں ہموار کرے گا۔ چترال کی تجارت اور معاشی ذرائع کی ترقی میں سیاحت مسلم ہے۔ اس کے فروغ کیلئے بھی چترال کی خوبصورتی امن محبت بھائ چارگی اور سماجی قدروں کو وسعت دینا ہوگا۔
خطیب صاحب نے حکومت اور انتظامیہ سے بھی اپیل کیا کہ اس مہم میں عوام کے ساتھ تعاون کریں درختوں کی فراہمی اور پھولوں کی کی ارزان نرخوں میں فراہمی یقینی بنائے تاکہ عوام اپنے محدود وسائل کے باجود بھی شجرکاری میں حصہ لے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں