394

ایل پی جی کی قیمت میں 5روپے فی کلو کمی گیس صارفین کو گھریلو سلنڈر 50روپے اور کمرشل سلنڈر 200روپے سستاملے گا

ایل پی جی کی قیمت میں 5روپے فی کلو کمی کر دی گئی ہے جس سے گیس صارفین کو گھریلو سلنڈر 50روپے اور کمرشل سلنڈر 200روپے سستاملے گا۔ قیمت میں کمی کا یہ اعلان انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں84ڈالر کی کمی آنے کے بعد کیا گیا۔عالمی منڈی میں اب ایل پی جی کی قیمت فی میٹرک ٹن کی قیمت460ڈالر سے گھٹ کر376ڈالر فی میٹرک ٹن پر آگئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت میں مختلف سرکاری اداروں خاص کر OGDCLکی طرف سے لوکل مارکیٹ میں بھی کمی لائی گئی۔اوگرہ کی جاری کردہ ایک رپورٹ (سٹیٹ آف ریگولیٹڈ پٹرولیم انڈسٹری 2015-2016 )کے مطابق ایل پی جی پاکستانی توانائی میں ایک اہم کردار کی حامل ہے کیونکہ یہ ان علاقوں میں توانائی مہیا کر رہی ہے جہاں قدرتی گیس تک رسائی ممکن نہیں۔رپورٹ کے مطابق سال 2015اور 2016 کے درمیان ایل پی جی کی کھپت 1115130میٹرک ٹن رہی جو کہ38% گھریلو،37%کمرشل اور25% انڈسٹری نے استمعال کی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت ایسے فیصلے لے چکی ہے جس سے سال 2015-2016میں ایل پی جی کی سپلائی بڑھ کر فی یوم2801ٹن ہوئی جو کہ سال 2014-2015میں 1899ٹن فی یوم تھی جبکہ کھپت 1915ٹن فی یوم سے بڑھ کر 3055ٹن فی یوم ہو گئی۔آج FPCCI کے علاقائی دفتر لاہور میں ہونے والی میٹنگ میں وفاقی بجٹ2017میں ایل پی جی کی پالیسیوں میں ترمیم کرنے،ایل پی جی سیلنڈر بنانے والی سٹیل کی چادروں کی قیمت میں کمی کرنے اور ایک سال کےلئےGSTختم کرنے کی تجاویزپیش کی گئیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ GSTختم کرنے سے سستی چادر ملے گی اور سستے سیلنڈر بننے سے غیر میعاری سیلنڈر بنانے والے کارخانے اپنی موت آپ مر جائیں گے۔ درآمدی ایل پی جی پر موجود بلا جواز ٹیکس اور کراچی میں لگنے والے پورٹ چارجز کو کم کرنے کی بھی تجویز پیش کی گئی تاکہ مارکیٹنگ کمپنیاں درآمد کی گئی ایل پی جی سستے داموں بیچ سکیں جس سے قیمت غریب عوام کی پہنچ میں رکھنے میں مدد ملے گی۔اس فیصلے کے بعد پشاور میں 85 روپے فی کلو کی کمی کے ساتھ گھریلو سلینڈر 970 روپے کا ہو گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں