292

پرنسپل کی برطرفی اور نئی پرنسپل کی تعیناتی کے خلاف ایس۔ وی۔ ٹی۔ آئی ۔کے طالبات کا ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

چترال ( آن لائن ) شاہین ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹوٹ (SVTI)کالج بلچ چترال کے درجنوں طالبات نے کالج کے پرنسپل آسیہ اجمل کی برطرفی اور نئی پرنسپل کی تعیناتی کے خلاف کالج سے ڈپٹی کمشنر آفس چترال تک احتجاجی ریلی نکالی اورڈی سی آفس کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر پرنسپل آسیہ اجمل کے حق میں اور نئی پرنسپل کی تعیناتی کے خلاف نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرین کی قیادت کالج کی طالبات نورالنساء، مہتاب، فاخرہ ، سائمہ ، صباو دیگر کررہی تھیں۔ احتجاجی مظاہرین کا موقف تھا کہ موجودہ پرنسپل اسیہ اجمل ایک محنتی اور پروفیشنل ہے جنھوں نے بہت ہی مختصر مدت میں ایک نوزائدہ ادارے کو ملک کے اعلیٰ ترین فنی اداروں میں شامل کردیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ صوبے میں بہترین کارکردگی کی بنیا د پر جرمن سفیر نے بھی ایس وی ٹی آئی بلچ کو مثالی قرار دیا ۔ لہذا پرنسپل آسیہ اجمل کو ہر صورت برقرار رکھا جائے بصورت دیگر کالج کے تمام طالبات کلاسوں کا بائیکاٹ کرنے اور کالج کو تالہ لگانے پر مجبور ہونگے۔ تاہم مظاہرین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منہاس الدین کی یقین دہانی پر احتجاجی مظاہرہ موخر کرکے پر آمن طور پر منتشر ہوگئے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے احتجاجی طالبات سے مذاکرات کیلئے موقع پر کالج کے پرنسپل اسیہ اجمل کو بھی بلوایا اور انھیں بھی یقین دہانی کی کہ ان کیلئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن کوشش اور تعاون کریگی ۔ اسیہ اجمل نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ متعلقہ ادارہ نے نئی پرنسپل کی تعیناتی میں انھیں اندھیرے میں رکھا اور میرٹ کے برعکس تعیناتی کی ہے ۔ جبکہ ان کی کنٹریکٹ کی معیاد بھی ابھی پوری نہیں ہوئی ہے۔ لہذا وہ قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں