253

چترال جوڈیشری میں مون سون کی شجرکاری مہم کا آغاز، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے پودا لگاکر مہم کا افتتاح

چترال (نمائندہ ) ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے چترال میں مون سون کی شجرکاری مہم میں حصہ لینا شروع کردیاجس کا آغاز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چترال اسد حمید بنگش نے ضلعی کچہری کے احاطے میں پودالگاکر کردیا ۔ اس سلسلے میں منعقدہ مختصر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شجرکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے مہلک اثرات سے ماحول کو بچانے کے لئے شجرکاری ہی واحد راستہ ہے اور اس مہم کو جہاد سمجھ کر معاشرے کے تمام طبقوں کو اس میں حصہ لینا چاہئے۔ اس موقع پر موجود افراد اور ضلعی عدلیہ کے ملازمین میں مفت پودے بھی تقسیم کرتے ہوئے ان کو تاکید کی گئی کہ ایک فرد ایک شجر لگانے کے اصول کے تحت وہ اپنے اپنے گاؤں میں اسے بونے کے بعد اس کی نگہداشت بھی کریں ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد خان یوسفزئی ، سینیئر سول جج احمد ناصر خان اور صوبائی بار کونسل کے رکن عبدالولی ٰخان عابد ایڈوکیٹ نے بھی ایک ایک پودے لگاکر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں