208

وزیراعظم نے مولانا سمیع الحق کی شہادت کی فوری تحقیقات کرنے کا حکم دیدیا

وزیراعظم عمران خان نے جمعیت علمائے اسلام س کے امیر مولانا سمیع الحق کی شہادت کی فوری تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کابینہ کے دیگر ارکان کے ہمراہ چین میں موجود ہیں جہاں انہیں مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملے کی اطلاع دی گئی۔وزیراعظم نے مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو فوری تحقیقات کرنے اور ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔واضح رہے کہ راولپنڈی کے علاقے تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے میں مولانا سمیع الحق اپنے گھر میں موجود تھے کہ ایک نامعلوم ملزم نے مبینہ طور پر گھر کی دیوار پھلانگ کر ان پر چاقوؤں سے حملہ کردیا جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق چھریوں کے وار کے بعد انہیں گولی بھی ماری گئی۔انہیں فوری طور پر قریبی نجی ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔دوسری جانب صدر مملکت اور آرمی چیف نے بھی اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ جنرل آصف غفور کا اپنی ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مولانا سمیع الحق کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ سے اظہار افسوس بھی کیا ہے۔علاوہ ازیں  نوازشریف، شہبازشریف، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمٰن اور سراج الحق سمیت ملک بھر کی مذہبی سیاسی شخصیات اور سیاسی جماعتوں کے قائدین  نے مولانا سمیع الحق کے قتل پر اظہار افسوس کیا اور حملے کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی مولانا سمیع الحق کی قاتلانہ حملے میں شہادت پر اظہار افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس کوحکم دیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملزمان جلد گرفت میں ہوں گے۔واضح رہے کہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے بھی آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے تعلیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موجودہ حالات اور مولانا سمیع الحق کی شہادت کی وجہ سے آج پرائمری و سیکنڈری تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں