342

پی ٹی آئی رہنما ارشاد مکرر کی قبل ازضمانت گرفتاری منسوخ،عدالت سے گرفتار

چترال (نمائندہ)  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چترال جاوید الرحمن نے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما ارشاد مکرر کو چترال میں کرونا وائرس کی آمد کے بارے میں سوشل میڈیا کے ذریعے خبر پھیلانے اور خوف ہراس پیدا کرنے پر گرفتاری کا حکم دے دیا جسے ماتحت عدالت نے قبل از گرفتاری ضمانت دے دی تھی۔ چترال پولیس نے ان کے خلاف تعزیرات پاکستان کے دفعہ 505اور ٹیلی گراف ایکٹ کے دفعہ 25کے تحت مقدمہ دائر کیا تھا جس نے گزشتہ دنوں دروش کے قریب ایک پاؤر پراجیکٹ میں کام کرنے والے ایک چینی باشندے کو پیٹ میں درد ہونے پر ہسپتال میں داخل کرنے پر فیس بک کے ذریعے خبر چلائی تھی کہ اس چینی باشندے میں کرونا وائر س موجود ہوسکتاہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ ملزم کے خلاف کیس کسی بد دیانتی کی بنا پر درج نہیں ہوئی ہے لہٰذا ان کی قبل از ضمانت گرفتاری کو منسوخ کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا حکم دیا جاتا ہے۔ عدالت کی طرف سے حکم جاری ہونے پر چترال پولیس کے تھانہ دروش کے عملے نے انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرکے دروش منتقل کردیا۔

گرفتاری سے قبل ارشاد مکرر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے صرف کروونا وائرس کے خدشے کااظہار کیا تھا کیونکہ چینی باشندہ دروش بازار میں چلتے ہوئے گرگیا تھا جس پر انہیں مقامی ہسپتال پہنچایا گیا۔اُنہوں نے کہا کہ لاوی ہائیڈرو پراجیکٹ میں سوسے زیادہ چینی باشندے کام کررہے ہیں لہذا ان کی سکریننگ اور میڈیکل ٹیسٹ انتہائی ضروری ہے اور ساتھ رخصت پر گئے ہوئے چینی باشندوں کو واپسی پر ضرور سکریننگ سے گزارا جائے تاکہ یہ مہلک بیماری یہاں تک نہ پہنچے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں