نیب خیبرپی کے نے کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے متعدد افسران کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی

پشاور (بیورو رپورٹ) نیب خیبرپی کے نے کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں محکمہ ثقافت، محکمہ جنگلات، سی اینڈ ڈبلیو مردان ، فاٹا سیکرٹریٹ اور ایریگیشن ڈپارٹمنٹ خیبر ایجنسی کے متعدد افسران کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی پیر کے روز پشاور میں نیب خیبرپی کے کے ریجنل بورڈ کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل فرمان اللہ خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹرز، ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل، کیس آفیسرز اور دیگر متعلقہ تفتیشی افسران نے شرکت کی اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں محکمہ ثقافت خیبرپی کے حکام کے خلاف کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پرتحقیقات کی منظوری دی گئی، محکمہ ثقافت کے حکام پر الزام ہے کہ انہوں نے ’’ثقافت کے زندہ امین‘‘ منصوبے کیلئے آنے والے فنڈ کا غلط استعمال کرتے ہوئے حقداروں کو ان کے حق سے محروم رکھاریجنل بورڈ حکام نے سابق ایکسین ایری گیشن ڈپارٹمنٹ فاٹا پیر یوسف شاہ کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کردیا، یوسف شاہ پر الزام ہے کہ انہوں نے آمدن کے برعکس لاکھوں روپے کے غیر قانونی اثاثے بنائے ہیں۔ خیبر ایجنسی کے سابق اکائونٹ آفیسر محمد طارق کے خلاف بھی آمدن کے برعکس اثاثے بنانے کے الزام میں تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ محکمہ جنگلات اور ٹرانسپورٹ کی 16 کنال اراضی دوسرے کے نام منتقل کرنے پر تحقیقات ہوگی۔ سی اینڈ ڈبلیو حکام پر الزام ہے کہ انہوں نے بدعنوانی اورکنٹریکٹ رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ماڈل اینٹی ٹیرر ازم کورٹس مردان کا کنٹریکٹ جاری کیا



