تازہ ترین

کاسی پراجیکٹ کے زیر اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول بالم لاسپور اور گورنمنٹ مڈل سکول پرواک میں دو روزہ ایڈولسنٹ کیمپ کا انعقاد

چترال (ڈیلی چترال نیوز) آغا خان ہیلتھ سروس پاکستان کے سنٹرل ایشیا ہیلتھ سسٹم اسٹرنتھیننگ انیشیٹو (CASI) پراجیکٹ کے زیر اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول بالم لاسپور اور گورنمنٹ مڈل سکول پرواک میں دو روزہ ایڈولسنٹ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات اور مقامی خواتین نے شرکت کی۔کیمپ کے دوران نیوٹریشن، ذہنی صحت، ذاتی صفائی، بچوں کی نشوونما، رضاعت اور دیگر اہم موضوعات پر شرکاء کو آگاہی فراہم کی گئی۔ نیوٹریشن کونسلر شہنلا حسین، تسلیم اقبال، CASI پراجیکٹ اپر چترال کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر مقبول علی شاہ، لوئر چترال کے اشفاق احمد اور دیگر ماہرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بہتر نشوونما اور صحت کے لیے متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک انتہائی ضروری ہے۔ بالخصوص بڑھتی عمر کے بچوں کو غذائیت سے بھرپور مقامی اشیاء اور پھلوں کے استعمال کی ترغیب دی جانی چاہیے۔مقررین نے کہا کہ ہر بچے کی جسمانی نشوونما کی رفتار مختلف ہوتی ہے، اس لیے والدین کو دوسرے بچوں سے اپنے بچے کا موازنہ کرنے کے بجائے اس کی مسلسل بڑھوتری اور صحت پر توجہ دینی چاہیے۔ بچوں کے وزن، قد اور جسمانی نشوونما کی باقاعدگی سے نگرانی ضروری ہے، جبکہ کسی بھی تشویش کی صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی عمر کے بچوں کا ذہن نئی چیزیں سیکھنے کے لیے متحرک رہتا ہے، اس لیے انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی، ذاتی حفظانِ صحت اور صحت مند طرز زندگی کی اہمیت سے بھی آگاہ کرنا ضروری ہے۔مقررین نے کہا کہ غذائی قلت کے خاتمے اور غذائی کمی کا شکار بچوں کی شرح اموات میں کمی لانے کے لیے آغا خان ہیلتھ سروس پاکستان کا CASI پراجیکٹ کئی سالوں سے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ نومولود بچوں، دودھ پلانے والی ماؤں اور حاملہ خواتین کی مناسب غذائیت کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔کیمپ کے دوران بچوں کی اسکریننگ اور خون کی کمی کے حوالے سے معائنہ بھی کیا گیا۔ نیوٹریشن کونسلر تسلیم اقبال نے مقامی پھلوں اور دیگر غذائی اجزاء سے بچوں کے لیے توانائی اور غذائیت سے بھرپور خوراک تیار کرنے کا عملی طریقہ بھی سکھایا اور بچوں کو اس سرگرمی میں شامل کیا۔کیمپ میں 80 سے زائد طلبہ و طالبات اور مقامی خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکول انتظامیہ اور مقامی افراد نے آغا خان ہیلتھ سروس پاکستان اور CASI پراجیکٹ کی مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے مفید اور آگاہی پر مبنی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button