تازہ ترین

چترال اور آیون کے عوامی حلقوں نے محکمہ زراعت کی ناقص کارکردگی پر شدید رد عمل کا اظہار

چترال ( محکم الدین ) چترال اور آیون کے عوامی حلقوں نے محکمہ زراعت کی ناقص کارکردگی پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ۔ کہ اس ادارے کے ناقص انتظامات کی وجہ سے زمیندار طبقہ کیلئے ہائبرڈ بیج اور کیمیاوی کھاد کا حصول نا ممکن ہو گیا ہے ، اور لوگ ترقی دادہ گندم کی بیج اور کھاد کی عدم دستیابی کے باعث روایتی مقامی بیج بغیر کھاد کے بوائی کرنے پر مجبور ہوئے ۔ آیون کے لوگوں نے محکمہ زراعت کی انسپکشن ٹیم کی آیون آمد پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا ۔ جس میں محکمہ زراعت چترال لوئر کے ڈائریکٹر اور صوبائی سطح کے آفیسرز موجود تھے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ آیون چترال بھر میں سب سے زرخیز زرعی علاقہ ہے ۔ اور سبزیات کی سب سے زیادہ پیداوار یہاں ہوتی ہے ، لیکن افسوس کا مقام ہے ۔ کہ آیون میں زراعت کا دفتر برائے نام ہے ، زمینداروں کو خریدنے کیلئے بیج اور کھاد دستیاب نہیں ، اور نہ ادارے کی طرف سے لائسنس یافتہ ڈیلر موجود ہیں ، اور اگر کہیں ڈیلر موجود ہے، تو وہ خود اپنی زمین کاشت کرنے کیلئے گندم کی بیج اور کھاد کی خریداری کیلئے در در کی ٹھوکریں کھا رہا ہے ۔
عوامی حلقوں نے انسپکشن ٹیم کی سرگرمی کو غیر ضروری اور عوام کیلئے مزید مشکلات پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا ۔ اور اس اقدام کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ جو دکاندار زمینداروں کے مطالبے پر کوشش کرکے کھاد کی دستیابی کو ممکن بناتے ہیں ۔ یہ ادارہ انہیں غیر قانونی قرار دے کر ان کے خلاف کاروائی کرتی ہے ۔ جبکہ ادارے کے پاس متبادل کوئی پروگرام موجود نہیں ۔ کہ وہ لوگوں کو یہ سہولت فراہم کرسکے ۔
زراعت سے وابستہ افراد نے انسپکشن ٹیم کے اقدام کو صوبائی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش قرار دیا ۔ تاکہ زمیندار طبقہ بیچ اور کھاد کی نایابی پر صوبائی حکومت کو مورد الزام ٹھہرائیں ، اور برا بھلا کہیں ، جبکہ چیرمین ویلج کونسل آیون ون وجیہ الدین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ۔ کہ ہم نے ماہ اکتوبر میں محکمہ زراعت کو خبر دار کیا تھا ۔ کہ آیون میں گندم کی بیج اور کھاد مناسب مقدار میں سٹاک کیا جائے ۔ تاکہ زمینداروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ، لیکن حیرت کی بات ہے ۔ کہ دفتر زراعت آیون میں موجود سٹاک کو بھی واپس چترال لے جایا گیا ۔ جس کے باعث آیون کے لوگ بیج اور کھاد خریدنے کیلئے در بدر ہو گئے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button