سرحد رورل سپورٹ پروگرام کی طرف سے ویلج کونسل آیون ون میں بجلی کی کمی پوری کرنے کیلئے یورپین یونین کے مالی تعاون سے ایک اور بجلی گھر کی تعمیر کی خوشخبری

چترال (نامہ نگار ) سرحد رورل سپورٹ پروگرام کی طرف سے ویلج کونسل آیون ون میں بجلی کی کمی پوری کرنے کیلئے یورپین یونین کے مالی تعاون سے ایک اور بجلی گھر کی تعمیر کی خوشخبری پر عمائدین علاقہ نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ نئے بجلی گھر کی تعمیر سے لوڈ شیڈنگ کی اس اذیت سے لوگوں کو نجات مل جائے گی ،جو سردیوں کے موسم میں ناکافی پانی کے باعث پرانے بجلی گھر کی کم پیداوار سے لوگوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز ایس آر ایس پی چترال کی زیر نگرانی ویلج کونسل آیون ون کے آفس میں ایک غیر معمولی اجلاس ہوا۔ جس میں آیون کے عمائدین نے شرکت کی ، اس موقع پر فیلڈ آفیسر ایس آر ایس پی عارف اللہ اور ریجنل ایم اینڈ ای آفیسر امجد علی خان نے پراجیکٹ کے بارے میں شرکاء کو بتایا ، کہ آیون میں ایس آر ایس پی کے پرانے بجلی گھر کو سردیوں کے موسم میں پانی کامسئلہ رہتا ہے ۔ نتیجتا لوڈ شیڈنگ کا سہارا لینا پڑتا ہے ۔ اور لوگوں کو بجلی کی مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔ موجودہ بجلی گھر کی تعمیر سے سردیوں کے موسم میں بجلی کی کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا ، کہ آج کا اجلاس چار امور پر محیط ہے ۔ جس میں نئے بجلی گھر کی تعمیر ، پہلے سے موجود بجلی گھر کی بہتری ، بزنس پروموشن ، اور بجلی گھر ائریے میں پلانٹیشن کے ذریعے ماحول کو بہتر بنانا شامل ہیں ، تاکہ علاقے کو سیلاب اور کٹاؤ سے بچایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کمیونٹی پہلے بھی بجلی گھر کیلئے ایس آرایس پی کے ساتھ بھر پور تعاون کرتا رہا ہے ۔ اور ہمیں آمید ہے ، کہ آیندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین ویلج کونسل آیون ون وجیہ الدین ، خیر الاعظم ، نور عجب خان ، عتیق احمد ، محکم الدین ، سکندر ولی خان نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایس آر ایس پی شہزادہ مسعود الملک کا شکریہ ادا کیا ۔ کہ انہوں نے پہلے بھی بجلی گھر تعمیر کرکے علاقے کو بجلی سے منور کیا ۔ اور اب دو میگاواٹ کی ایک اور بجلی گھر کی تعمیر کرکے علاقے میں بجلی کی کمی سے لوگوں کو نجات دلانے کیلئے احسن اقدام کا آغاز کیا ہے ۔
اجلاس میں آیون کے مختلف مقامات میں واپڈا کے پول کی تنصیب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ۔ کہ واپڈا کے پول بغیر کسی پلان کے لگائے جارہے ہیں ۔ اور کئی مقامات پر واپڈا پول ایس آر ایس پی پول کے انتہائی قریب لگائے گئے ہیں ، اور کہیں کراس پول بھی لگائے گئے ہیں ، جس سے بارش اور برفباری کے موقع پردونوں اداروں کی بجلی کی تاریں ایک دوسرے سے ٹچ کرنے کے واضح امکانات موجود ہیں ، اس لئے واپڈا حکام کو اس بارے میں آگاہ کرکے پول اس طرح سے لگائے جائیں ، کہ ایس آر ایس پی کے پول متاثر نہ ہوں ،
اجلاس کے آخر میں کمیونٹی ریپریزنٹیٹیو آرگنائزیشن کے صدر کا چناؤ عمل میں آیا ۔ اور متفقہ طور پر چیرمین ویلج کونسل آیون ون وجیہ الدین کو صدارت کی ذمہ داری سونپ دی گئی ۔ جو ایک سیکرٹری کا چناؤ کرکے بجلی گھر کی تعمیرکے حوالے سے امور نمٹائےگا ۔ اور ایس آر ایس پی کے ساتھ رابطہ کاری بحال رکھے گا۔ نیز سی آر او کو جملہِ امور سے متعلق باخبر رکھے گا۔



