تازہ ترین

ڈسٹرکٹ جینڈر ایکویلٹی ٹرانسفارمیٹو الائنس (گیتہ) کے مرد و خواتین اراکین کاایکشن پلان بنانے کے حوالے سے ایک روزہ سیشن

چترال(ڈیلی چترال نیوز)آغا خان رورل سپورٹ پروگرام چترال (AKRSP) کے زیر اہتمام BEST4WEER پراجیکٹ کی مالی معاونت سے لوئر چترال میں خواتین کی اقتصادی بااختیاری اور بحالی کے لیے اقتصادی و سماجی تبدیلی کو فروغ دینے کے حوالے سے کام کرنے والے ڈسٹرکٹ جینڈر ایکویلٹی ٹرانسفارمیٹو الائنس (GETA) لوئر چترال کے ذمہ داران کا سال 2025 کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور 2026 کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کے سلسلے میں ایک سیشن مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نیاز اے نیازی ایڈووکیٹ، جینڈر اسپیشلسٹ شازیہ سلطان، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر لوئر چترال خضر حیات، منیجر سول سوسائٹی اے کے آر ایس پی چترال عالیہ، کاشف علی ،محمد افضل اور دیگر مقررین نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین کے خلاف امتیازی قوانین اور رویوں کے خاتمے، انصاف تک رسائی کو یقینی بنانے اور صنفی مساوات سے متعلق عالمی وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہے۔

مقررین نے کہا کہ خواتین کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے، کیونکہ خواتین کی ترقی اور ان کی مکمل شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ پائیدار ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو تعلیم، معاشی مواقع اور سماجی تحفظ کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا ان کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قانونی طور پر خواتین کا 10 فیصد کوٹہ براہ راست بھرتیوں پر لاگو ہوتا ہے، تاہم حکومتی کوششوں کے باوجود سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا یہ کوٹہ مکمل نہیں ہو سکا جس کی مختلف وجوہات سامنے آئی ہیں۔ قانون کے مطابق خواتین کو یہ حق بھی حاصل ہے کہ وہ میرٹ، صوبائی یا علاقائی کوٹے پر بھی مقابلے میں حصہ لے سکتی ہیں، جس سے ان کے سرکاری ملازمتوں میں آنے کے امکانات مزید بڑھ جاتے ہیں۔

مقررین نے مزید کہا کہ سال 2026 میں چترال کے تمام سرکاری دفاتر میں خواتین کے کوٹے پر عملدرآمد، خواتین کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی، دفاتر میں خواتین کے لیے مخصوص واش روم، اسٹاف روم اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال سے تفصیلی ملاقات کے بعد تمام سرکاری محکموں کو احکامات جاری کروائے جائیں گے۔ گیتہ کے ذمہ داروں نے  اس فورم کو مؤثر اور فعال بنانے کے لیے ایک جامع ایکشن پلان ترتیب دیا گیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ ،سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ  اوردوسرے سرکاری محکموں کے ساتھ روابط اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ سوشل ویلفیئر آفس میں ویمن ڈیسک کی منظوری دی گئی ہے، جہاں اس فورم کے ذریعے خواتین کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تقریب میں اے کے آر ایس پی کے عملے کے علاوہ ڈسٹرکٹ جینڈر ایکویلٹی ٹرانسفارمیٹو الائنس (گیتہ) کے مرد و خواتین اراکین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button