.چئیرمن سلطان کی درخواست پر فوری ایکشن، رومبور میں سڑک اور آبپاشی نظام بحال

رومبور ( فتح اللہ) وادی کالاش رومبور کے علاقے شخاندے میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی تودہ گرنے سے سڑک، بجلی کی ترسیل اور آبپاشی نظام شدید متاثر ہو گیا تھا، جس کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل جبکہ پانی کی فراہمی بھی بند ہو گئی تھی۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر چیئرمین ویلج کونسل رومبور، سلطان کی درخواست پر کالاش ویلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KVDA) نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مشینری کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر بحالی کا کام شروع کیا۔ پلاروک کے مقام پر گزشتہ سیلاب کے باعث پانی کا رخ زرعی زمینوں کی جانب ہو گیا تھا، تاہم بروقت اقدامات کے تحت اس مرتبہ پانی کی سمت تبدیل کر کے قیمتی زرعی اراضی کو ممکنہ نقصان سے بچا لیا گیا۔
مزید برآں، رومبور کے علاقے نوک تھوں سے گروم تک زرعی اراضی کو سیراب کرنے والی چینل کے ہیڈورکس کی مرمت اور بحالی بھی مکمل کر لی گئی ہے، جس کے بعد آبپاشی کا نظام دوبارہ فعال ہو گیا ہے اور مقامی کاشتکاروں کو بڑی سہولت حاصل ہوئی ہے۔
چیئرمین ویلج کونسل سلطان نے اس موقع پر کالاش ویلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی فدا الکریم، سابق ایم پی اے وزیر زادہ، چیئرمین ایڈوکیٹ احمد علی اور متعلقہ عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدامات کے باعث علاقے کے بڑے مسائل حل ہوئے اور عوام کو فوری ریلیف ملا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ایسے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مزید مؤثر اور مستقل بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، جبکہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کے وی ڈی اے آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت جاری رکھے گا۔






