پری شندور انڈر 18 پولو ٹورنامنٹ: اپر چترال نے لوئر چترال کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا

چترال /پری شندور انڈر 18 پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپر چترال کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لوئر چترال کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل سید عمر احمد بخاری تھے، جنہوں نے کامیاب اور رنر اپ ٹیموں میں نقد انعامات تقسیم کیے۔فاتح ٹیم اپر چترال کو تین لاکھ روپے جبکہ رنر اپ لوئر چترال ٹیم کو دو لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ اس کے علاوہ فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے پچاس ہزار روپے اور رنر اپ ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے تیس ہزار روپے کے خصوصی انعامات کا اعلان بھی کیا گیا۔فائنل کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپر چترال کے کپتان عبداللہ کے حصے میں آیا جنہیں ’’بیسٹ پلیئر آف دی میچ‘‘ قرار دیتے ہوئے ایک گھوڑا انعام دینے کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر چترال پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ اسکندر الملک نے کور کمانڈر پشاور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انڈر 18 سطح کا یہ پہلا ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین موقع ثابت ہوگا، جس سے انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولو کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کور کمانڈر کی دلچسپی قابلِ تحسین ہے۔ تقریب کا ایک جذباتی لمحہ اس وقت سامنے آیا جب اپر چترال کے ایک کھلاڑی کے والد جو کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں، کے علاج کا معاملہ مہمانِ خصوصی کے سامنے رکھا گیا۔ شہزادہ اسکندر الملک کی درخواست پر کور کمانڈر پشاور نے ان کے مکمل علاج کی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کیا، جسے حاضرین نے انسانی ہمدردی اور عملی تعاون کی ایک قابلِ ستائش مثال قرار دیا۔شائقینِ پولو اور مقامی عوام نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ایک ضرورت مند خاندان کی مدد کے اعلان کو سراہتے ہوئے منتظمین اور مہمانِ خصوصی کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کئے






