بونی میں ایم این اے عبداللطیف کی رہائی کے حق میں عوامی احتجاجی جلسے کی تیاریاں مکمل، رابطہ مہم تیز

اپرچترال (جمشیداحمد): اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں رکن قومی اسمبلی عبداللطیف کی رہائی کے مطالبے کے حق میں 3 جون کو منعقد ہونے والے عوامی احتجاجی جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں، جبکہ جلسے میں عوامی شرکت یقینی بنانے کے لیے رابطہ مہم بھی تیز کر دی گئی ہے۔اس سلسلے میں منگل کے روز بونی بازار میں
ایک بھرپور رابطہ مہم چلائی گئی، جس میں عبداللطیف کے بھائی عبدالرزاق، صدر بازار یونین پشاور، تحصیل چیئرمین تورکھو میر جمشید، انور لال اور پارٹی کے دیگر کارکنان و عہدیداران نے شرکت کی۔ وفد نے بازار کے تاجروں، عمائدین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کیں اور انہیں احتجاجی جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔ رابطہ مہم کے دوران مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عبداللطیف کی رہائی کے مطالبے کے لیے بھرپور انداز میں اپنی آواز بلند کریں اور جلسے میں شرکت کرکے یکجہتی کا اظہار کریں۔ یاد رہے کہ رکن قومی اسمبلی عبداللطیف گزشتہ تقریباً 8 مہینے سے جیل میں قید ہیں، جبکہ ان کے حامی اور سیاسی کارکن مسلسل ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔ جلسے کے منتظمین کے مطابق احتجاجی اجتماع میں علاقے بھر سے بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔



