جامعہ تعلیم القرآن للبنات برنس میں عظیم الشان اصلاحی و تربیتی اجتماع منعقد

- جامعہ تعلیم القرآن للبنات برنس کے زیرِ اہتمام ایک روح پرور اور پروقار اصلاحی و تربیتی اجتماع منعقد ہوا جس میں علاقے بھر سے مرد و خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور علماء کرام کے علمی و اصلاحی بیانات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا۔
اجتماع کی صدارت ادارے کے مہتمم حضرت مولانا عبد الرحمن نے فرمائی، جبکہ استاد الحدیث جامعہ اشرفیہ لاہور حضرت مولانا مفتی فیاض الدین نے بطور مہمانِ خصوصی خصوصی خطاب فرمایا۔ اپنے ایمان افروز اور فکر انگیز بیان میں انہوں نے دینی تعلیم، اصلاحِ معاشرہ، تربیتِ اولاد، خواتین کی دینی و اخلاقی تربیت اور اسلامی اقدار کے تحفظ کی اہمیت پر مفصل روشنی ڈالی۔
اس موقع پر علاقے کی ممتاز دینی شخصیات، علماء کرام اور معززینِ علاقہ بھی شریک ہوئے جن میں خطیب شاہی مسجد صدر دارالعلوم چترال حضرت مولانا خلیق الزماں ، مہتمم جامعہ مدرسۃ البنات سنگور لوئر چترال حضرت مولانا فتح الباری ، صدر دارالعلوم ربانیہ دروش حضرت مولانا ظفر الدین، حضرت مولانا امین احمد نقشبندی، مفتی ضمیر احمد سمیت دیگر علماء کرام شامل تھے۔
خصوصی طور پر اپر چترال کے علاقے ریشن سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کی شرکت نے اجتماع کی علمی و روحانی اہمیت میں مزید اضافہ کیا۔ علماء کرام نے اپنے خطابات میں موجودہ دور کے دینی و اخلاقی چیلنجز، نوجوان نسل کی صحیح تربیت، دینی مدارس کی خدمات اور معاشرتی اصلاح کی ضرورت پر زور دیا۔
شرکائے اجتماع نے نہایت توجہ اور انہماک کے ساتھ بیانات سماعت کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علماء کرام کی نصیحتوں اور رہنمائی کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔ اجتماع کے اختتام پر جامعہ تعلیم القرآن للبنات برنس کی دینی، تعلیمی اور تربیتی خدمات کو سراہا گیا اور ادارے کی مزید ترقی، استحکام اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔






