گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر چترال میں خوشی کی تقریبات، مٹھائیاں تقسیم

چترال (نمائندہ ) گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں پی پی پی کی واضح برتری حاصل کرنے پر پی پی پی کے ضلعی دفتر میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پارٹی ورکروں میں مٹھائی تقسیم کئے گئے اور ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کرکے اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر اورپارٹی کے صوبائی نائب صدر سلیم خان ا ور پارٹی کے قائدین جنرل سیکرٹری قاضی فیصل، انفارمیشن سیکرٹری نظار ولی شاہ، تحصیل صدر عالم زیب ایڈوکیٹ اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سلیم خان نے کہاکہ جب بھی شفاف انتخابات منعقدہوئے ہیں تو پی پی پی کو اسی طرح کامیابی نصیب ہوئی ہے اور گلگت بلتستان میں پارٹی کی کامیابی عوام میں اس کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس تاریخی کامیابی کو بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ آصفہ زرداری کی وژن اور قائدانہ صلاحیتوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیاکہ آنے والے الیکشن میں ملک بھر میں پی پی پی کو اسی طرح شاندار کامیابی حاصل ہوگی۔ اس سے قبل مقامی لیڈروں نے گلگت بلتستان کے الیکشن مہم میں سلیم خان کی انتھک محنت اور کاوشوں کو داد دی۔





