تازہ ترین

بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کا دورۂ چترال، قدرتی حسن اور تجارتی امکانات کی بھرپور تعریف

چترال (ڈیلی چترا ل نیوز) پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر، اقبال حسین خان نے چترال کے قدرتی حسن اور مناظر کی دل کھول کر تعریف کی ہے اور یہاں تجارت اور سیاحت کے بہترین مواقع کو اجاگر کیا ہے۔پیر کے روز ایک مقامی ہوٹل میں میڈیا کے نمائندوں اور تجارتی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بنگلہ دیش کے سرمایہ کاروں اور سیاحوں میں ان مواقع کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ ایک قومی نمائش کے دوران انہوں نے خیبر پختونخوا کی ثقافت اور علاقے کی خوب صورتی سے متاثر ہوا جس کے بعد خیبر پختونخوا کے کئی مقامات بشمول لویر چترال اور اپر چترال کی سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چترال کی کئی مقامی مصنوعات بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتی ہیں جبکہ کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ چترال تجارت اور سیاحت کے بیش بہا خزانوں سے مالا مال ہے اور وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مسلسل کوششیں کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ان کے مطابق دونوں برادر ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنا ان کی اولین ترجیح ہے اور چترال کے منفرد مناظر کو دنیا کے سامنے لانا اس سلسلے میں ایک بڑا قدم ہے۔اس موقع پر کونسلر (پریس) طیب علی اور دیگر سفارت کار بھی موجود تھے، جبکہ ہائی کمشنر نے چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین اور چترال چیمبر آف کامرس اینڈ ٹریڈ کے سیکرٹری جنرل سلطان بیگ کو تحائف بھی پیش کیے۔ چترال پریس کلب کی طرف سے صدر ظہیر الدین کے علاوہ جنرل سیکرٹری عبدالغفار اور آفس سیکرٹری سید نذیر حسین شاہ جبکہ چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نمائندگی ایگزیکٹو ممبر محمد نایاب فارانی اور سیکرٹری جنرل سلطان بیگ نے کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button