وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ایچ بی ایل کے چیئرمین اور آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر سلطان علی الانا نے ملاقات

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ایچ بی ایل کے چیئرمین اور آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر سلطان علی الانا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پشاور میں آغا خان اسپتال کے قیام کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسپتال کے قیام کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں آغا خان اسپتال کا قیام صوبے کے عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس منصوبے کے لیے ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرے گی تاکہ اسپتال کے قیام کے عمل کو تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کیا جا سکے۔ملاقات میں ڈیٹا سینٹرز کے قیام اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ فریقین نے صوبے میں کھیلوں کے شعبے میں سرمایہ کاری اور جدید سپورٹس انفراسٹرکچر کی ترقی کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس کے علاوہ معدنیات، قدرتی وسائل اور مائنز اینڈ منرلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے ملکی معیشت اور صوبائی ترقی کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔ملاقات میں صوبے میں سیاحت کے فروغ اور سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور متنوع سیاحتی مقامات کی بدولت سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے اور صوبائی حکومت سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
َِ<><><><><><>



