چترال کے جنگلات قومی اثاثہ ہیں، ان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، خلیق الزمان

چترال (نمائندہ ) شاہی مسجد چترال کے خطیب خلیق الزمان نے کہا ہے کہ چترال کے سرسبز جنگلات اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمت اور آنے والی نسلوں کا قیمتی سرمایہ ہیں، جن کی حفاظت ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چترال کے جنگلات صدیوں سے ماحول، آبی ذخائر، جنگلی حیات اور قدرتی حسن کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے آرہے ہیں، تاہم حالیہ برسوں میں یہ قیمتی اثاثہ مختلف خطرات سے دوچار ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے دریغ درختوں کی کٹائی، عمارتی لکڑی کے حصول کے لیے غیر قانونی جنگل برداری، جنگلات میں آگ جلانے میں لاپرواہی اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے حوالے سے عدم دلچسپی جنگلات کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک معمولی سی غفلت بعض اوقات وسیع جنگلات کو آگ کی لپیٹ میں لے آتی ہے جس سے ناقابلِ تلافی نقصان ہوتا ہے۔
مولاناخلیق الزمان نے کہا کہ اسلام زمین کی اصلاح اور ماحول کے تحفظ کا درس دیتا ہے جبکہ نبی کریم ﷺ نے درخت لگانے کو صدقہ قرار دیا ہے۔ اس لیے جنگلات کا تحفظ نہ صرف ماحولیاتی بلکہ دینی، قومی اور اخلاقی فریضہ بھی ہے۔
انہوں نے سیاحوں، چرواہوں، مقامی آبادی اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ جنگلات میں آگ جلانے اور جلتی آگ کو بغیر بجھائے چھوڑنے سے مکمل اجتناب کریں، غیر قانونی درختوں کی کٹائی کی حوصلہ شکنی کریں اور قدرت کی اس امانت کی حفاظت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایک درخت کی نشوونما میں کئی سال لگتے ہیں جبکہ اسے کاٹنے یا آگ کی نذر کرنے میں چند لمحے ہی کافی ہوتے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ چترال کے جنگلات کو محفوظ، سرسبز اور شاداب رکھنے کے لیے اجتماعی کوششیں کریں۔



