شندور فیسٹیول کے دوران صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے تین روزہ آگاہی مہم کا انعقاد۔

چترال(بشیرحسین آزاد)سنولیپرڈ فاؤنڈیشن چترال نے شندور فیسٹیول کے موقع پر شندور میں صفائی، کچرے کی مناسب تلفی اور حساس ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے حوالے سے تین روزہ مسلسل آگاہی مہم کا انعقاد کیا۔
شندور نہ صرف دنیا کا بلند ترین پولو گراؤنڈ ہے بلکہ یہ خطہ جنگلی حیات جیسے برفانی چیتے، بھورے ریچھ، آئیبیکس اور دیگر اہم جانوروں کا قدرتی مسکن بھی ہے، جبکہ ساتھ ہی یہ لاسپور کے مقامی لوگوں کی اہم چراگاہ بھی ہے۔ ہر سال گلگت اور چترال کے درمیان روایتی پولو میچ اسی تاریخی میدان میں کھیلا جاتا ہے، اس قدیم اور مشہور ایونٹ کو دیکھنے کے لیے ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاح شندور کا رخ کرتے ہیں اور وہاں قیام کرتے ہیں۔ تاہم اس دوران بڑی مقدار میں پلاسٹک پیکنگ اور دیگر اشیاء سے جو کچرا پیدا ہو جاتی ہیں جو زیادہ تر سیاح ادھر ہی چھوڑ جاتے ہیں۔
یہ غیر منظم کچرا نہ صرف علاقے کی قدرتی خوبصورتی کو متاثر کرتا ہے بلکہ مال مویشیوں اور جنگلی حیات کے لیے بھی شدید خطرات پیدا کرتا ہے، جس سے اس نازک ماحولیاتی نظام کا توازن متاثر ہوتا ہے۔
ان چیلنجز کے پیش نظر سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن چترال نے شندور فیسٹیول کے دوران ایک منظم تین روزہ آگاہی مہم کا آغاز کیا، جس میں وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ چترال، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اپر چترال اور لاسپور میں برفانی چیتے کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی مختلف تنظیموں کے رضاکاروں نے بھرپور شرکت کی۔
مہم کے دوران ٹیموں نے شندور کے تمام دکانداروں، ہوٹل مالکان اور کیمپ سائٹس پر جا کر انہیں صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
آگاہی سرگرمیوں میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کچرا پھیلانے سے نہ صرف قدرتی حسن متاثر ہوتا ہے بلکہ یہ مال مویشیوں اور جنگلی حیات کی زندگی کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ اس لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی گئی کہ وہ ماحول کو صاف رکھنے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔
مہم کے دوران رضاکاروں نے عملی طور پر کھلے عام پھیلے ہوئے کچرے کو جمع کیا اور اسے مناسب طریقے سے تلف کیا، تاکہ شندور کے قدرتی ماحول کو محفوظ رکھا جا سکے۔
سنولیپرڈ فاؤنڈیشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسی آگاہی مہمات جاری رکھی جائیں گی تاکہ شندور جیسے اہم اور نازک ماحولیاتی خطے کو محفوظ اور صاف ستھرا رکھا جا سکے۔



