تازہ ترین

یونیورسٹی آف چترال میں عالمی یوم ماحولیات کی تقریب، ماحولیاتی تحفظ اور آفات سے نمٹنے پر زور

چترال(سیدتنزیل حسین) یونیورسٹی آف چترال میں فوکس ہیومینٹیرین اسسٹنس پاکستان اور شعبہ نباتیات کے باہمی اشتراک سے عالمی یوم ماحولیات نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس تقریب میں فیکلٹی ممبران، طلباء و طالبات، فوکس ہیومینٹیرین اسسٹنس پاکستان کے ذمہ داران اور اسماعیلی سیوکس کے رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی یونیورسٹی آف چترال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ تھے۔ پروگرام کا آغاز فوکس ہیومینٹیرین اسسٹنس چترال کے ریجنل آپریشن اینڈ پروگرام منیجر (ROPM) ولی محمد خان یفتالی کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا، جس میں انہوں نے ادارے کی جانب سے آفات کے خطرات میں کمی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

فوکس پاکستان کے کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر مہر آفتاب سلمیٰ نے عالمی یوم ماحولیات کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے اور موجودہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے افراد اور اداروں کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے پائیدار طریقوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنے کلیدی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے ماحول اور انسانی زندگی کے درمیان گہرے تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کا تیزی سے بگاڑ ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کریں اور پلاسٹک کی بوتلوں اور سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے پانی کی قلت اور عالمی سطح پر جنگلات کی کٹائی جیسے مسائل کو بھی تشویشناک قرار دیا اور بتایا کہ ہر سال لاکھوں درختوں کی کٹائی ماحولیاتی عدم توازن کا باعث بن رہی ہے۔

تقریب میں فوکس چترال کے ٹرینر عیسیٰ خان نے فوکس ہیومینٹیرین اسسٹنس پاکستان کے اغراض و مقاصد اور سرگرمیوں پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ فوکس گذشتہ کئی سالوں سے چترال کے طول وعرض میں کمیونٹی ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ، ارلی وارننگ سسٹم، ویدر مانیٹرنگ پوسٹس، اسٹاک پائل سائٹس، سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم (ساٹ)اور ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم (ڈاٹ)کی کپیسٹی بلڈنگ سمیت دیگر سرگرمیوں پر کام کر رہے ہیں۔جس کا مقصد کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں بروقت رسپانس اور کمیونٹی کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔  جبکہ ORIC کے انچارج ڈاکٹر شاہ فہد نے نصاب میں ماحولیاتی موضوعات کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پروگرام کی ایک اہم خصوصیت فوکس ہیومینٹیرین اسسٹنس پاکستان کی کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم (CERT) کا عملی مظاہرہ تھا، جس میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تکنیکیں اور کمیونٹی تیاری کے طریقہ کار پیش کیے گئے۔

پروگرام کے اختتام پر ایک سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں شرکاء نے ماحولیاتی مسائل، آفات سے نمٹنے اور کمیونٹی سطح پر آگاہی سے متعلق مختلف سوالات کیے جن کے ماہرین نے تفصیلی جوابات دیے۔

اختتام پر فوکس کے نمائندوں ولی محمد خان یفتالی اور مہر آفتاب سلمیٰ نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ کو ان کی قیادت اور ماحولیاتی آگاہی کے فروغ میں کردار کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ تقریب کے  شرکاء میں ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شعور بیدار کرنے اور عملی اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button