مضامین

انسان دوست شخصیت میاں فاروق نذیر……!۔۔تحریر: رانا اعجاز حسین چوہان

تین بار آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کے عہدے پر تعینات رہنے والے میاں فاروق نذیر اپنی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد15 جون 2026 ء کو ریٹائرڈ ہوگئے۔ میاں فاروق نذیر کا شمار انتہائی قابل اور شان دار افسران میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ میرٹ کو یقینی بنایا، بدعنوانی کیخلاف سخت ایکشن اور بہترین ڈسپلن سے اپنے کارہائے منصبی احسن طور پر ادا کیے۔ انہوں نے نہ صرف جیلوں میں بہت سی اصلاحات کیں بلکہ ہیومن رائٹس کے حوالے سے بھی ان کے کاموں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، صوبے بھر کی 26 جیلوں میں ووکیشنل ٹریننگ اور ہنرمندی کے مراکز قائم کیے جس کی بدولت قیدیوں کو ہنر کے ساتھ ساتھ معاشی سہارا بھی ملا۔ انہوں نے قیدیوں کی فلاح کے لیے فیملی رومز بنائے، نئی ڈسٹرکٹ جیلوں کی تعمیر کروائی۔105واٹر فلٹریشن پلانٹس اور541واٹر چلرز کی تنصیب کے ساتھ ساتھ قیدیوں کو ضروری سامان مہیا کیا، ان کی غذا بہتر بنائی اور ان کی صحت کا بھی بھرپورخیال رکھا۔ قیدی خواتین کے مسائل پر خصوصی توجہ دی، ان کی اصلاحات کا جامع اور ایک وسیع پروگرام بنایااور اس بابت صوبائی حکومت کو بھی سفارشات پیش کیں، قیدی خواتین کے لیے پنجاب پریزنرز فاؤنڈیشن کے تحت مختلف فلاحی پروگراموں کے لیے حکومت سے گرانٹس بھی منظور کروائیں۔ اس کے علاوہ خواتین اور کم عمر قیدیوں کے لیے تعلیم، ووکیشنل ٹریننگ، صحت، غذا، لباس، لائبریری اور نفسیاتی تعاون کو ممکن بنایا ہے۔ ماؤں کے ساتھ رہنے والے بچوں کی فلاح کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے۔ میاں فاروق نذیر کی کاوشوں سے تقریباً 70ہزار قیدی اور 21ہزار سے زائد سٹاف ممبرز مستفید ہوئے۔پنجاب کے ڈسٹرکٹ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے میاں فاروق نذیر زمانہ طالب علمی سے ہی انتہائی قابل اور محنتی تھے اسی وجہ سے اپنے اساتذہ اور ساتھی طالب علموں میں بے حد مقبول رہے اور پسند کئے جاتے تھے۔ میاں فاروق نذیر جیل خانہ جات پنجاب کے واحد آفیسر ہیں جو کہ پہلی بار 2008ء سے 2009ء، دوسری بار 2012ء سے 2017ء اور تیسری بار مارچ 2023ء تا 15 جون 2026 ء بطور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب تعینات کیا گیا،آپ ان تینوں ادوار میں دور رس اصلاحات کے اعتبار سے ایک مثال تھے۔ میاں فاروق نذیر اس لحاظ سے خوش قسمت ہیں اور بجا طور پر تحسین کے حق دار بھی کہ حکومت پاکستان نے ان کی اعلیٰ کارکردگی پر ”ستارہ امتیاز“ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلیٰ سطح کا قومی سول اعزاز ہے جو میاں فاروق نذیر کو14اگست کے موقع پر گورنر ہاؤس میں منعقدہ پروقار خصوصی تقریب میں دیا جائے گا۔ میاں فاروق نذیر جب آئی جی جیل خانہ جات بنے تو اپنے ماتحت عملے، افسران اور پنجاب کی جیلوں میں مقید قیدیوں کی فلاح و بہبود کا بیڑہ اٹھایا۔ ان کے دور میں جیل خانہ جات پنجاب کے آفیسرز اور اہلکاروں کی تنخواہوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ جیل ملازمین کے لیے خصوصی گرانٹس کی بھی منظوری لی جس میں شادی گرانٹ، تدفین گرانٹس کے لیے فنڈز کی منظوری شامل ہے، جبکہ ملازمین کے بچوں کی تعلیم کے لیے سکالر شپ بھی حاصل کیں۔ ان کی خصوصی درخواست پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ہوم سیکرٹری پنجاب جناب احمد جاوید قاضی نے ملازمین کی بیٹیوں کی شادی کیلئے کم ازکم تین لاکھ تا چھ لاکھ، طالبعلم بچوں کے سکالرشپ کم ازکم پچاس ہزار تا سوا لاکھ، تجیز و تکفین گرانٹ ایک لاکھ سے ایک لاکھ تیس ہزار، معزور بچوں کی گرانٹ میں بہتر ہزار سے ایک لاکھ یعنی تمام کیٹیگریز میں تقریباً تیس فیصد سالانہ اضافے کی منظوری دی۔ انہوں نے جیل خانہ جات کے پرانے و فرسودہ نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا، میاں فاروق نذیر نے جیل خانہ جات کے آفیسرز کو پیشہ ورانہ تربیت و مہارت کیلئے امریکا بھجوایا، ان کے دور میں جیل خانہ جات سے پرانا اسلحہ تبدیل کرتے ہوئے نیا اسلحہ دیا گیا اور آفیسرز کو نئی گاڑیاں دی گئیں۔ ہر سرکاری افسر کی زندگی میں ایک دن ایسا بھی آتا ہے، جب اسے اپنی سرکاری ذمہ داریوں اور فرائض منصبی سے سبکدوش ہونا ہوتا ہے، لیکن سب کے حصے میں عزت، احترام اور نیک نامی نہیں آتی۔ یہ وہ سرمایہ ہے جو برسوں کی محنت، حسن سلوک اور خلوص دل سے فرائض کی بجا آوری کے بعد حاصل ہوتا ہے۔ میاں فاروق نذیر ایسے ہی خوش نصیب افسران میں شامل ہیں جو اپنے سرکاری فرائض اور ذمہ داریوں سے نہایت احسن طریقے سے عہدہ برآ ہوئے ہیں۔ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ ان کی ذات اور کردار پر ایک بھی دھبہ نہیں۔میاں فاروق نذیر آئی جی جیل خانہ جات کی حیثیت سے اپنا کیرئیر اختتام پذیر ہونے کے بعد جیل کی دنیا سے تو رخصت ہو گئے لیکن اپنے پیچھے کارکردگی اور محنت و لگن کی جو انمٹ داستانیں چھوڑ گئے ہیں وہ یقینا ہر نئے آنے والے انسپکٹر جنرل آف جیل خانہ جات کے لیے مشعل راہ ہوں گی۔ عظیم شخصیت میاں فاروق نذیر نے اپنی باقی ماندہ زندگی بھی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔
٭……٭……٭
ای میل:ranaaijazmul@gmail.com
رابطہ نمبر:03009230033

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button