تازہ ترین

چترال میں جماعت اسلامی کا عوامی جرگہ، کرپشن کے خلاف قرارداد منظور، 26 جون سے احتجاجی تحریک کا اعلان

چترال (نامہ نگار) جماعت اسلامی لوئر چترال کے زیر اہتمام اتالیق پل چترال میں  عوامی جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، وکلاء، تاجروں، سماجی تنظیموں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جرگے کی صدارت امیر جماعت اسلامی لوئر چترال وجیہ الدین نے کی۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے چترال میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بدعنوانیوں، فنڈز کے ضیاع اور انتظامی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ مقررین میں وجیہ الدین، مولانا جمشید، جمیعت علمائے اسلام کے قاضی نسیم، بار ایسوسی ایشن کے صدر مومن الرحمن ایڈوکیٹ، عمیر الخلیل، پاکستان پیپلز پارٹی کے قاضی وقار، قاری نظام الدین، صدر تجار یونین چارویلو نور احمد اور دیگر رہنما شامل تھے۔
مقررین نے کہا کہ چترال کے عوام ترقیاتی فنڈز میں مبینہ کرپشن اور ناقص منصوبہ بندی کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
جرگے کے اختتام پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ترقیاتی فنڈز میں بدعنوانی کے مرتکب افراد اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے، ڈپٹی کمشنر کی قائم کردہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ منظرعام پر لائی جائے، خورد برد شدہ سرکاری رقوم کی وصولی یقینی بنائی جائے اور نامکمل ترقیاتی منصوبوں کو فوری مکمل کیا جائے۔
قرارداد میں غیر معیاری کام کرنے والے ٹھیکیداروں اور مبینہ طور پر ان کی سرپرستی کرنے والے افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ مزید برآں، مطالبہ کیا گیا کہ منصوبوں کی مکمل تکمیل سے قبل ٹھیکیداروں کو پیشگی ادائیگیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی اور شریک تنظیموں نے اعلان کیا کہ 26 جون سے چترال بھر کی ویلج کونسلوں میں احتجاجی جلسوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، جس کے بعد مطالبات کی منظوری تک عوامی دھرنے دیے جائیں گے۔ جرگے کے شرکاء نے ’’کرپشن مٹاؤ، چترال بچاؤ‘‘ تحریک کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button